لیاری میں خاتون کے پراسرار قتل کا مقدمہ پڑوسی پولیس اہلکار کے خلاف درج

کراچی کے علاقے لیاری میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی 25 سالہ خاتون بتول کے قتل کا مقدمہ اس کے پڑوسی پولیس اہلکار کے خلاف درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لیاری بکرا پیڑی، علامہ اقبال کالونی گلی نمبر 15 میں پیر کی شام پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 156/2026 مقتولہ کے والد محمد حنیف کی مدعیت میں پولیس کانسٹیبل آصف کے خلاف دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

مقتولہ کے والد محمد حنیف نے بتایا کہ بتول کی شادی 20 دسمبر 2018 کو حیدرآباد کے رہائشی فرحان سے ہوئی تھی اور اس کا ایک 4 سالہ بیٹا بھی ہے۔ ان کے مطابق تقریباً ڈیڑھ سال قبل میاں بیوی میں اختلافات کے بعد بتول اپنے بیٹے کے ہمراہ کراچی آکر اپنی بہن کے گھر رہنے لگی تھی۔

مقتولہ کی بڑی بہن سونیا کے مطابق واقعے والے روز سوئی گیس نہ آنے پر بتول اپنے بیٹے کے لیے آلو کے چپس بنانے پڑوسی پولیس اہلکار آصف کے گھر گئی تھی۔ کچھ دیر بعد آصف کے 12 سالہ بیٹے نے آکر اطلاع دی کہ بتول نے خود کو گولی مار لی ہے۔

سونیا نے بتایا کہ جب وہ موقع پر پہنچی تو بتول کی لاش کچن میں خون میں لت پت پڑی تھی جبکہ اس کے قریب موبائل فون اور پرس موجود تھا، تاہم وہاں پستول موجود نہیں تھا۔ مقتولہ کے ماتھے پر گولی لگی تھی جو سر کے عقب سے باہر نکل گئی۔

بتول کو فوری طور پر سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

دوسری جانب پولیس کانسٹیبل آصف کی اہلیہ نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ واقعے کے وقت اس کا شوہر گھر پر موجود نہیں تھا اور بتول نے فرج کے اوپر رکھا پستول لے کر خودکشی کی۔

کلاکوٹ تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او محمد اسرار کے مطابق واقعے کے فوری بعد آصف کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مقتولہ کے اہلخانہ قتل کا دعویٰ کررہے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد نے کئی شبہات کو جنم دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق خودکشی کے زیادہ تر واقعات میں لوگ کنپٹی پر گولی مارتے ہیں، جبکہ بتول کو ماتھے پر گولی لگی تھی۔ مزید یہ کہ جائے وقوعہ سے پستول بھی ہٹا لیا گیا تھا، جس کے بعد شبہات مزید گہرے ہوگئے۔

بعد ازاں پولیس کی یقین دہانی پر پستول کلاکوٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور مزید حقائق سامنے آنے کے بعد ہی واقعے کی اصل نوعیت واضح ہوسکے گی۔

Check Also

شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کی صالح محمد گوٹھ میں کارروائی،زیرِ زمین ٹینک سے لاکھوں روپے مالیت کی چھالیہ برآمد،

کراچی میں پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران چھالیہ اور انڈین گٹکے کی غیر قانونی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *