کراچی: سندھ حکومت نے کتے کے کاٹ لینے پر علاج کے حوالے سے شہریوں کیلیے آگاہی پیغام جاری کر دیا۔
آگاہی پیغام میں سندھ حکومت نے شہریوں سے کہا کہ وہ کتے کے کاٹنے کو معمولی بات نہ سمجھیں کیونکہ اس سے ریبیز وائرس ہونے کا خدشہ ہو سکتا ہے جو ایک جان لیوا بیماری ہے۔
سندھ حکومت کے مطابق اگر کسی شخص کو کتا کاٹ لے تو پریشان نہ ہوں بلکہ فوری طور پر زخم کو کم از کم 20 منٹ تک صاف پانی اور عام صابن سے اچھی طرح دھوئیں، زخم دھونے کے بعد فوراً قریبی اسپتال یا اینٹی ریبیز یونٹ جائیں اور ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق اینٹی ریبیز ویکسین لگوائیں۔
پیغام میں بتایا گیا کہ سندھ حکومت نے عوام کی سہولت کیلیے صوبے بھر میں 278 اینٹی ریبیز یونٹس قائم کیے ہیں جن میں سے 112 ریفرل سینٹرز ہیں جہاں سنجیدہ مریضوں کا علاج بھی کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ اپنے قریبی اینٹی ریبیز یونٹ یا ریفرل سینٹر کی معلومات کیلیے ریسکیو 1122 پر رابطہ کریں یا اس ویب سائٹ پر سرچ کریں https://arvcentresindh.netlify.app، بروقت زخم دھونا، طبی مرکز پہنچنا اور ویکسین لگوانا زندگی بچا سکتا ہے۔
THE PUBLIC POST