کراچی(شوبز نیوز) لووز آف وحید مراد کے چیئرمین مرزا وقار بیگ نے پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری ہیرو، چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی 43 ویں برسی کا اہتمام اپنی رہائش گاہ پر کیاتقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد مرحوم وحید مراد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی
شرکاء نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا اس موقع پر معروف اداکار آغا فراز، سینئر شوبز صحافی پرویز مظہر، ایشن آرٹس کونسل کے بانی چیئرمین سینئر صحافی اسلم محمود دہلوی، معروف صحافتی روحانی شخصیت کلیم اشرف کلیمی، پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین عبدالوسیع قریشی، رکن کراچی سنسر بورڈ و شوبز صحافی عمر خطاب خان، معروف کمپئر محمد فاروق شاہین، وسیم علی خان، سمیع الدین، غفران خان، جی ایم اسلم، سوشل ورکر آرٹ لووز خلیل احمد، بابو سمیت شوبز، صحافت اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے شرکت کی
اس موقع پر شوبز صحافی مرزا افتخار بیگ مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے بھی دعا کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بانی چیئرمین مرزا وقار بیگ اور تمام مقررین نے وحید مراد کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا مقررین نے کہا کہ وحید مراد صرف ایک اداکار نہیں تھے بلکہ ایک عہد، ایک تہذیب اور پاکستانی فلم انڈسٹری کی پہچان تھے انہوں نے اپنی مسکراہٹ، منفرد اداکاری، رومانوی انداز اور خوبصورت گیتوں کی عکاسی سے کروڑوں دلوں پر راج کیا
مقررین نے کہا کہ وحید مراد کی فلمیں آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔ فلم “ارمان” نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا، جبکہ “ہیرا اور پتھر، عندلیب، انجمن، دل میرا دھڑکن تیری، دوراہا، دیور بھابی، دولت اور دنیا، جب جب پھول کھلے، مستانہ ماہی، بہاور پھول برساؤ، ناگ منی، سمیت درجنوں سپر ہٹ فلموں نے پاکستانی سینما کو نئی جہت دی ان کا شمار ان چند فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے فلم انڈسٹری کو عروج بخشا اور نئی نسل کے اداکاروں کیلئے مشعل راہ بنے اس موقع پر مرزا وقار بیگ نے کہا کہ وحید مراد کی محبت ان کے دل میں اس قدر رچی بسی ہے کہ وہ گزشتہ 43 سال سے باقاعدگی سے وحید مراد کی سالگرہ اور برسی کا اہتمام اپنی رہائش گاہ پر کرتے چلے آرہے ہیں
انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ ان کی زندگی تک جاری رہے گا تاکہ نئی نسل کو وحید مراد جیسے عظیم فنکار کی خدمات سے آگاہ کیا جاسکے انہوں نے حکومت اور فلم انڈسٹری کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ وحید مراد کی خدمات کے اعتراف میں ان کے نام سے یادگاری ایوارڈ اور ان کی یاد میں خصوصی تقریبات کو سرکاری سطح پر بھی منایا جائے تقریب کے اختتام پر شرکاء کیلئے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا شرکاء نے مرزا وقار بیگ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ وحید مراد کے سچے مداح ہی ان کی یاد کو اس طرح زندہ رکھ سکتے ہیں
THE PUBLIC POST