کراچی میں اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے شیرشاہ کیبل مارکیٹ کے علاقے میں ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب کار لفٹر گروہ کے تین کارندوں کو مسروقہ کار سمیت گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بوقت گرفتاری پریڈی کے علاقے سے چوری کی گئی کلٹس کار برآمد کرلی گئی۔
ملزمان کے قبضے سے تین عدد غیرقانونی پستول، کاریں انلاک کرنے کی ماسٹر چابی، کاروں کی متعدد چابیاں اور اوزار بھی برآمد ہوئے۔ ملزمان کے قبضے سے برآمدہ کار تھانہ پریڈی کے مقدمہ 74/25 بجرم دفعہ 381A کی مال مسروقہ ہے۔
گرفتار ملزمان میں اکبر خان، اسلام ظاہر اور علی محمد شامل ہیں جن کا تعلق بین الصوبائی کار لفٹنگ گروہ سے ہے جوکہ شہر کراچی کے مختلف علاقوں سے کاریں چوری کرکے حب بلوچستان میں فروخت کرتے ہیں۔
ملزمان کے گروہ میں عذرا نامی خاتون بھی شامل ہے جو کاریں چوری کرنے اور حب بلوچستان پہنچانے میں ملزمان کی مدد کرتی ہے۔
ملزمان نے دوران تفتیش صدر، پریڈی، منگھوپیر اور دیگر علاقوں سے کاریں چوری کرنے کا انکشاف کیا ہے، گرفتار ملزمان میں سے دو کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے، ملزمان کے خلاف تھانہ پاک کالونی میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔