لاہور، کراچی سے50سال آگے نکل چکا، شہری حقوق کےلیے عوام کو سڑکوں پر لاکر تحریک چلائیں گے، مصطفیٰ کمال

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اب خاموش نہیں رہے گی، ایم کیو ایم پاکستان عوام کو سڑکوں پر لائے گی اور کراچی کے حقوق کے لیے احتجاجی تحریک چلائے گی۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے مرکزی کمیٹی اور اراکینِ اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا مقصد پاکستان بالخصوص سندھ اور کراچی کو درپیش مسائل کی جانب توجہ دلانا ہے، اور ان مسائل پر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرنا ہے

سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ کو وفاق سے 2 ہزار 238 ارب روپے ملے ہیں، جبکہ گزشتہ 18 برس میں مجموعی طور پر 22 ہزار ارب روپے مل چکے ہیں۔ ان کے مطابق اس رقم کا 90 فیصد کراچی نے کما کر دیا، لیکن 22 ہزار ارب روپے میں سے کراچی کو صرف 680 ارب روپے ملے، جو شہر کے ساتھ ناانصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی آمدنی کا بڑا حصہ فراہم کرتا ہے، مگر بدلے میں شہر کو اس کا حق نہیں ملتا۔ 2010 تک وفاقی فارمولے کے تحت کراچی کو وسائل ملتے تھے، تاہم اس کے بعد صوبائی حکومت وفاق سے فنڈز تو لے رہی ہے لیکن کراچی کو اس کا حصہ نہیں دے رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جی ایس ٹی والی پالیسی برقرار رہتی تو کراچی کو وفاق سے زیادہ وسائل ملتے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہمیشہ کراچی کا مقدمہ لڑتی آئی ہے اور آئندہ بھی لڑتی رہے گی۔ اگر کراچی کو اس کا حق ملتا تو شہر میں اسپتال، سڑکیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 18 برس کے دوران تقریباً 2 ہزار ارب روپے کا شارٹ فال رہا، اگر یہ رقم ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوتی تو شہر کا انفراسٹرکچر بہتر ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو معاشی دلدل سے آئی ایم ایف نہیں بلکہ کراچی نکال سکتا ہے، مگر شہر کو اپنا کردار ادا نہیں کرنے دیا جا رہا۔

سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لاہور کراچی سے 50 سال آگے نکل چکا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے کراچی کی ترقی میں کردار ادا نہیں کرنے دیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اسکولوں کی حالت خراب ہے، بچیوں کے اسکولوں میں واش روم تک موجود نہیں، 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، سندھ میں کتے کے کاٹنے کے سب سے زیادہ کیسز اور اموات رپورٹ ہوتی ہیں، جبکہ گٹروں میں گر کر بچوں کی اموات جیسے واقعات بھی پیش آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں لاقانونیت عروج پر ہے، 18 برس میں ایک بچہ بالغ ہو جاتا ہے مگر مسائل جوں کے توں ہیں۔ دنیا ایئر ایمبولینس بنا رہی ہے جبکہ یہاں سائیکل ایمبولینس چلائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان آئینی ترمیم پیش کر چکی ہے، لیکن حکومت نے اس پر توجہ نہیں دی۔

سید مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان اب خاموش نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں آواز اٹھانے کے باوجود مسائل حل نہیں ہوئے، اس لیے اب آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے تمام جمہوری طریقے اختیار کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان عوام کو سڑکوں پر لائے گی اور کراچی کے حقوق کے لیے احتجاجی تحریک چلائے گی

Check Also

کامن ویلتھ گیمز: پاکستان کی فاطمہ زاہرہ ویمنز باکسنگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

گلاسگو: سکاٹ لینڈ میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2026 میں پاکستان کی خاتون باکسر فاطمہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *