کراچی (رپورٹ: صباحت رضا زیدی)
پاکستان کسٹمز اور رینجرز سندھ نے سہراب گوٹھ کے علاقے ال-آصف اسکوائر کے قریب اسمگل شدہ غیر ملکی اشیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا سامان برآمد کرلیا۔
کارروائی کے دوران مزاحمت اور ہنگامہ آرائی بھی دیکھنے میں آئی جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ترجمان کسٹمز کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی جس میں کسٹمز انفورسمنٹ کے ایڈیشنل کلیکٹر سید محمد رضا نقوی اور اسسٹنٹ کلیکٹر توفیق احمد کی سربراہی میں ٹیم نے حصہ لیا۔
ٹیم جب دکانوں اور گوداموں تک پہنچی تو اچانک مشتعل ہجوم نے پتھراؤ اور توڑ پھوڑ شروع کردی، حتیٰ کہ آگ لگانے کی کوشش بھی کی گئی۔ اس جھڑپ میں متعدد مزدور زخمی ہوئے۔ تین گھنٹے کی کشیدگی کے بعد رینجرز اور کسٹمز نے علاقے پر قابو پایا اور غیر قانونی بازار کو سیل کرکے کارروائی مکمل کی۔کسٹمز حکام کے مطابق ضبط شدہ سامان میں 7 ہزار 402 ڈنڈیاں غیر ملکی سگریٹ برانڈز، 1 ہزار 604 پیکٹس غیر ملکی گٹکا (320 کلو گرام وزنی) اور ایرانی مٹھائیاں شامل ہیں۔
برآمد ہونے والے سامان کی مالیت تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ روپے لگائی گئی ہے، جسے مزید کارروائی کے لیے میرپور کے CPF بانڈ ویئرہاؤس منتقل کردیا گیا ہے۔کسٹمز ایکٹ 1969 اور امپورٹس اینڈ ایکسپورٹس ایکٹ 1950 کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور دکانداروں کو نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
ترجمان کسٹمز کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب کارروائی انسداد اسمگلنگ کے لیے اداروں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے اور ایسے نیٹ ورکس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔