پاکستان انڈر 19 ٹیم کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلی مرتبہ انڈر 19 ٹیم کو سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی انڈر 19 ٹیم کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات ہوئی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی انگلینڈ میں شاندار کارکردگی پر نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی۔

پاکستان انڈر 19 کے ہیڈ کوچ شاہد انور اور کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی سے اظہارِ تشکر کیا۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی کی جانب سے انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس کا اجرا خوش آئند ہے، اس سے نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر کارکردگی کی ترغیب ملے گی۔

شاہد انور نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے نوجوان کرکٹرز کا اعتماد بڑھتا ہے۔ چیئرمین پی سی بی کی حوصلہ افزائی کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے لیے باعثِ تقویت ہے۔

انگلینڈ نے یوتھ ون ڈے سیریز جیتنے والی پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں انڈر 19 ڈیولپمنٹ کیمپس سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا۔ گزشتہ دو برسوں میں ملتان میں انڈر 19 کیمپس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

فرحان یوسف نے مزید کہا کہ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات ہمارے لیے حوصلہ افزا رہی، انڈر 19 سطح پر پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس ملنا ہمارے لیے باعثِ خوشی ہے۔

دیگر کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ سے کھلاڑیوں کا اعتماد اور حوصلہ بڑھے گا، اس سے نوجوان کھلاڑی اپنی کرکٹ پر مزید توجہ دے سکیں گے اور اپنے اہلِ خانہ کی مالی معاونت بھی کر سکیں گے۔

کھلاڑیوں نے مزید کہا کہ اس تاریخی اقدام پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے شکر گزار ہیں۔

Check Also

عالمی برادری جنگ کے بجائےمذاکرات سے تنازعات کا حل تلاش کرے، بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری جنگ کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *