اسلام آباد : جے یو آئی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری نے حکومت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا سب کچھ آپ کے پاس ہے ریکارڈ نکال کرکرپشن ثابت کریں۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزرا نے صرف الزام تراشی کی ہے اور وہ اب تک کچھ بھی ثابت نہیں کر سکے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان پر الزامات لگانے کا سلسلہ 1997ء سے بھی پہلے کا ہے، ہم ایسے سوالات کے ہمیشہ سنجیدہ جوابات دیتے آ رہے ہیں اس لیے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔
انہوں نے حکومت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ “سب کچھ آپ کے پاس ہے، ریکارڈ نکالیں اور کرپشن ثابت کریں، اس طرح کا پروپیگنڈا کرنے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔”
جے یو آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہم نہ تو جذباتی ہوتے ہیں اور نہ ہی صبر و تحمل کا دامن چھوڑتے ہیں، ہم نے ہمیشہ ان کو آئنہ دکھایا ہے کیونکہ یہ ریاست ہم سب کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے، جبکہ ان لوگوں کی اپنی دولت دبئی اور سوئٹزرلینڈ کے بینکوں میں پڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے ملکی معیشت اور سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئے روز قرضے بڑھ رہے ہیں اور امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔
THE PUBLIC POST