190 ملین پاؤنڈ کیس، رقم سپریم کورٹ اکاؤنٹ میں پڑی رہی، نقصان کیسے ہوا؟ سلمان صفدر کے دلائل

اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر نے نیب کے مؤقف پر سوالات اٹھا دیے جبکہ وکیل نے اپیلوں کی لائیو اسٹریمنگ کی بھی استدعا کی، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل  دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ اپریل 2026 سے لیکر 21 نومبر تک بشریٰ بی بی کا میڈیکل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا۔

بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا سلمان صفدر، لطیف کھوسہ اور دیگر کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ نیب اسپیشل پراسیکیوٹرجاوید اشرف، رافع مقصود اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک بھی کمرہ موجود تھے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں نورین خان اور ڈاکٹر عظمیٰ بھی عدالت میں موجود رہیں۔

سماعت شروع ہوئی تو ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید ملک نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کے گزشتہ سماعت کے حکم نامے پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے، میڈیکل سہولیات فراہمی سے متعلق عدالتی حکم پر عمل کر دیا گیا ہے، بشریٰ بی بی کو الگ کمرہ بھی دے دیا گیا ہے اور اٹیچ باتھ روم بھی ہے جو صاف ستھرا ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ گزشتہ سماعت پر دو ہفتے کا تیاری وقت مانگا تھا، عدالت نے مجھے ایک ہفتے کا وقت دیا، میں آج اپیل پر دیر تک بھی دلائل کروں گا۔ میں ایک درخواست لے کر آیا ہوں جس سے عدالتی وقار میں اضافہ ہوگا، ہم عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ چاہتے ہیں۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ میں اس سماعت پر دلائل نہیں سنوں گا، اس حوالے سے معاملہ ایڈمنسٹریشن کمیٹی میں ہے اور ابھی رولز فریم ہونا باقی ہیں، آپ نے کورٹ میں یقین دہانی کرائی تھی کہ دلائل کا آغاز کریں گے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ دلائل کا آغاز تو ہوگیا ہے، میں اس میں رکاوٹ نہیں ڈالوں گا، میں لائیو اسٹریمنگ کی درخواست پر پانچ سے سات منٹ میں اپنے دلائل مکمل کر لوں گا، میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد لائیو اسٹریمنگ کی مخالفت کریں گے، میں اس حق میں نہیں ہوں کہ سرکاری ٹی وی یا پرائیویٹ چینل اس کو دکھائے، یہ مفاد عامہ کا کیس ہے عوام اس کو دیکھنا چاہتی ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ بانی 74 سال کے ہیں، 4 سال سے بار بار بانی اور بشریٰ کے خلاف کیسز بن رہے ہیں، یہ کلوز ڈور کا بہت ہی متنازع جیل ٹرائل تھا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی لائیو اسٹریمنگ ہونی چاہیے۔

وکیل نے دلائل میں کہا کہ اس کیس میں جیل ٹرائل کے بعد سزا سنائی گئی، بانی پی ٹی آئی کے خلاف اب تک کے فیصلوں میں یہ سب سے متنازع فیصلہ تھا، اس کیس میں نیب نے احاطہ عدالت سے میرے کلائنٹ کو دبوچا، 9 مئی کا واقعہ ہی نا ہوتا اگر نیب اس کیس میں یہ نا کرتی، سابق وزیر اعظم کی عمر اب 74 سال ہے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ مجھے یہ الفاظ سنہری حروف میں اپنے پاس لکھ لینے چاہئیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی پریکٹس ہے کہ کیسز کی لائیو اسٹریمنگ کی گئی، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے پاس زیر سماعت کیس کی لائیو اسٹریمنگ ہوئی۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ میں چیف جسٹس ہوں اور میں نے اس کی اجازت نہیں دی تھی، جج نے اس کیس کی لائیو اسٹریمنگ کا فیصلہ اپنے طور پر کیا تھا۔

وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ یہاں توہین مذہب متعلق کیس کی لائیو اسٹریمنگ ہوئی، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ میں اس وقت چیف جسٹس تھا، میں نے اس لائیو اسٹریمنگ کی منظوری نہیں دی تھی۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ نیب کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، میں پڑھوں گا تو آپ حیران ہوں گے کہ یہ قومی خزانے کا نقصان ہوا یا فائدہ۔

نیب پراسیکیوٹر جاوید ارشد نے کہا کہ یہ سیاسی بیانات ہیں یہ وکالت نہیں ہے۔

چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کہ اب تک ہائیکورٹ رولز فریم نہیں ہوئے تو میں لائیو اسٹریمنگ کی اجازت کیسے دے دوں؟ آپ وہ باتیں کر رہے ہیں جو ہمیں پہلے سے معلوم ہیں، آپ تو ایسے باتیں کر رہے ہیں کہ جیسے ہم پہلی بار اس عدالت میں آئے ہیں، آپ تو ایسے کہہ رہے ہیں کہ جیسے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اُس وقت جج ہی نہیں تھے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ آپ خود کو اپنی درخواست تک ہی محدود رکھیں، آپ عدالت کو یہ بتائیں کہ لائیو اسٹریمنگ کیوں ہونی چاہیے؟ یہاں اسکرینز لگی ہوئی ہیں، سیکڑوں لوگ دیکھ رہے ہیں پھر لائیو اسٹریمنگ کیوں چاہیے، یہ اوپن کورٹ ہے آخر تک کے لوگ دیکھ رہے ہیں۔

ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس عدالت میں لائیو اسٹریمنگ کی کوئی ضرورت نہیں آپ کیوں اصرار کر رہے ہیں؟ آپ اتنی بار تو یہ بات کہہ چکے ہیں کہ وہ سابق وزیراعظم ہیں، میں پریشان ہوتا ہوں تو آپ ایسا کہتے ہیں کہ یہ کوئی خاص کیس نہیں ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ سپریم کورٹ میں بھی لائیو اسٹریمنگ کی جا رہی ہے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ میں سپریم کورٹ کے رولز اینڈ ریگولیشنز کو فالو نہیں کرتا، میں ایک خودمختار باڈی ہوں، سپریم کورٹ کے رولز کو فالو نہیں کرتا، مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ آپ جانتے بوجھتے بھی کیوں نہیں سمجھ رہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ میں عدالت کو ناراض نہیں کرنا چاہتا، آپ ناراض نہ ہوں۔  چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ میں ناراض نہیں ہوں، عدالت کا کام ناراض ہونا نہیں ہے۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ عدالت سے میری استدعا ہے اپیل کا حتمی دلائل کا مرحلہ آنے تک (رولز) بن جائیں تا کہ ہمارے حتمی دلائل کی لائیو اسٹریمنگ ہو جائے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ چلیں دیکھتے ہیں۔ وکیل نے استدعا کی کہ آپ میری لائیو اسٹریمنگ کی درخواست کے حوالے سے آرڈر کر دیں۔

سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر حتمی دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ مرزا شہزاد اکبر، فرحت شہزادی اور زلفی بخاری سمیت چھ ملزمان غیر حاضر رہے لیکن عدالت نے صرف دو ملزمان کی حد تک کیس کو آگے بڑھایا۔

وکیل نے دلائل دیے کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے تحقیقات کیں، مجسٹریٹ نے اکاؤنٹس منجمد کیے، 14 دسمبر برطانیہ کے جج کی طرف سے پہلا اکاؤنٹ فریزنگ آرڈر 20 ملین پاؤنڈ کا آیا، ہائیڈ پارک کی ایک پراپرٹی اور 120 ملین پاؤنڈ کا ایک اور فریزنگ آرڈر ہوا، یوں یہ کل رقم ملا کر 190ملین پاؤنڈ بنتی ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ پاکستان کو پیسہ آتا ہے وہ 190 ملین نہیں، 171 ملین پاؤنڈ آتا ہے جبکہ میڈیا اس کو 190 ملین پاؤنڈ کیس کہتا ہے، میں اسی لیے کہتا ہوں کہ میڈیا پر انحصار نہیں کرنا چاہیے، نیب کہتا ہے کہ یہ واپس آنے والا پیسہ سرکار کے پاس جانا چاہیے تھا۔ پیسہ واپس لینے کے لیے دو دسمبر کو نوٹ بنا جو کابینہ نے تین دسمبر کو منظور کر لیا، کیس یہ بنایا گیا کہ کابینہ منظوری سے قبل ہی چھ نومبر 2019 کو خفیہ ڈیڈ سائن کر لی گئی تھی۔

وکیل نے دلائل دیے کہ نیب کے مطابق مرزا شہزاد اکبر نے وزیراعظم کو ایک نوٹ بنا کر دیا جو کابینہ نے منظور کیا، نیب کے مطابق مرزا شہزاد اکبر نے این سی اے کے ساتھ خفیہ ڈیڈ سائن کی، کیس کے مطابق یہ پیسے اسٹیٹ بینک کے بجائے سپریم کورٹ رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں منگوائے گئے، یہ وہی اکاؤنٹ تھا جو 460 ارب روپے جرمانے کی ادائیگی کے لیے کھلوایا گیا تھا۔

بیرسٹر سلمان نے دلائل دیے کہ القادر ٹرسٹ ایک تعلیمی ادارہ ہے، فنکشنل ہے، جس میں 150 سے زائد بچے اسکالرشپ پر پڑھ رہے ہیں، القادر ٹرسٹ کہاں ہے یہ بات بڑی اہم ہے، کوئی رشوت لے تو پرائم زمین لے گا، القادر ٹرسٹ سوہاوہ میں بنجر زمین پر بنا ہے۔

وکیل نے دلائل میں کہا کہ برطانیہ سے آنے والا پیسہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں چار سال پڑا رہا، اگر میں ہوتا تو کہتا کہ جہاں سپریم کورٹ انوالو ہے وہ کیس ہی نہ چلاؤ، پیسہ سپریم کورٹ نے اچھا انویسٹ کیا، اُس میں پرافٹ ملا اور اضافہ ہو گیا، یہ نقصان کا تو کیس ہی نہیں بلکہ اس سے تو فائدہ ہوگیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ میں جو پیسہ پڑا رہا اُسے آپ جرم سے حاصل ہونے والی رقم قرار دے رہے ہیں؟

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ سپریم کورٹ میں جو پیسہ پڑا رہا وہ قطعی طور پر جرم سے حاصل ہونے والا پیسہ نہیں تھا، یہ پیسہ پاکستان میں لانے کا انوکھا کیس ہے، اس سے قبل مقدمات پیسہ پاکستان سے باہر لے جانے کے بنتے رہے، یہ بانی پی ٹی آئی کو کریڈٹ جاتا ہے کہ وہ پیسہ پاکستان لائے لیکن اب جیل میں ہیں، یہ پیسہ سپریم کورٹ کی انویسمنٹ سے دوگنا ہوگیا، نقصان کہاں ہوا ہے؟

بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ قومی خزانے کو نقصان اس مقدمے کے ذریعے ہوا، مہنگی ترین پراسیکوشن لی گئی، رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں رہی، یہ مقدمہ بنایا ہی نہیں جانا چاہیے تھا، رجسٹرار سپریم کورٹ دو صورتوں میں اس کیس میں شامل کیا جا سکتا تھا، رجسٹرار سپریم کورٹ یا تو گواہ ہو سکتے تھے اور دوسرا میں کہنا نہیں چاہتا۔

وکیل نے مزید دلائل دیے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خفیہ ڈیڈ پر کوئی دستخط موجود نہیں ہیں، کیس ہے کہ مرزا شہزاد اکبر نے نیشنل کرائم ایجنسی حکام سے خفیہ ڈیڈ سائن کی، کیس ہے کہ شہزاد اکبر این سی اے حکام سے مسلسل رابطے اور ملاقاتیں کرتا رہا۔ نیب، ایف بی آر، ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک ایسٹ ریکوری یونٹ کا حصہ تھے، نیب سمیت ان اداروں کو پتہ کیوں نہیں چل سکا کہ کیا ہو رہا ہے؟

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ نیب یا کسی اور ادارے کا افسر ذاتی حیثیت میں اُس کا حصہ تھے، ایسٹ ریکوری یونٹ ایک خومختار باڈی تھی وہ چیئرمین نیب کے ماتحت نہیں تھا۔

بیرسٹر سلمان صفدر دلائل میں سوال اٹھایا کہ اگر نیب سمیت ان اداروں کو پتہ نہیں چل سکا تو بانی پی ٹی آئی کو کیسے پتہ چل جاتا؟ اتنی وسیع کابینہ کو معلوم نہیں ہو سکا تو بانی پی ٹی آئی کو کیسے پتہ چل جاتا؟ بانی پی ٹی آئی کی پھر خفیہ ڈیڈ میں معاونت کہاں سے آ گئی؟ اس سٹوری میں ابھی بہت سے مسنگ لنکس موجود ہیں، میں آئندہ سماعت پر وہ چیزیں بھی عدالت کے سامنے رکھوں گا۔

چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا کہ چارج کیا فریم کیا گیا تھا؟ بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالتی ہدایت پر مقدمہ کی فردِ جرم پڑھ کر سنائی۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ چارج میں جو لکھا گیا اس سے لگتا ہے کہ القادر ٹرسٹ موجود ہی نہیں بلکہ کوئی فرضی ٹرسٹ ہے، بانی پر کیس ہے کہ انہوں نے غیرقانونی رقم لانے میں مدد فراہم کی، اگر یہ 171 ملین پاؤنڈز کی رقم گندی تھی تو اس کے نتائج ہوں گے، اگر یہ صاف پیسہ ہے اور کسی اور کی رقم ہے تو وہ کہیں بھی بھیج سکتا ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ نیب کہتا ہے کہ یہ پیسہ جرم سے حاصل کردہ رقم تھی یہ بتا دے کہ یہ پیسہ غیرقانونی کیسے تھا؟ یہ ایک شخص کی صاف رقم ہے تو وہ جہاں مرضی بھیجے بھیج سکتا ہے، برطانیہ کے قانون میں پلی بارگین کی شقیں موجود نہیں ہیں، برطانیہ نے اسے کرمنل کارروائی نہیں کہا، سول کارروائی تھی، نیب بتائے کہ کیسے یہ جرم کی رقم ہے؟

وکیل نے دلائل دیے کہ نیب کہتا ہے کہ یہ رقم یہاں نہیں وہاں آنی چاہیے تھی تو پیسے تو یہاں سے وہاں چلے گئے، سپریم کورٹ کا تو حکم تھا کہ پیسے یہاں جمع کروئے جائیں، سپریم کورٹ کے علاوہ ایسا کون سا آرڈر تھا کہ پیسہ وہاں نہیں بلکہ کہیں اور جانا چاہیے تھا، اِنہوں نے تو اچھا کیا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے پیسہ پہلے وہاں جمع کروائے جائیں، وہ پیسہ غلط محسوس نہیں ہوا تو ہی سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں چار سال پڑا رہا ناں۔

لطیف کھوسہ نے استدعا کی کہ آئندہ ہفتے بانی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کروائی جائے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم آرڈر کر دیں گے۔

عدالت نے دلائل کے بعد لائیو اسٹریمنگ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

Check Also

پی ایس ایل 12، لوکی فرگیوسن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن گئے،دیگر فرنچائزز میں بھی بڑے نام شامل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے فرنچائزز نے غیر ملکی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *