کانٹا لگا گرل سے مشہور بھارتی اداکارہ شیفالی زری والا کی محض 42 سال کی عمر میں اچانک اور غیر متوقع موت نے سب کو صدمے میں مبتلا کردیا جب کہ وہ مکمل طور پر صحت مند بھی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 27 جون کو شیفالی زری والا کو ان کے شوہر رات گئے اسپتال لے کر گئے تھے جہاں ڈاکٹرز نے مردہ قرار دیتے ہوئے اداکارہ کی موت کی وجہ دل کا دورہ بتایا گیا تھا۔
تاہم بعد میں آنے والی خبروں میں انکشاف ہوا تھا کہ موت کی وجہ دل کا دورہ پڑنا ہوسکتی ہے لیکن دل کے دورے کا سبب خون میں الیکٹرولائٹس میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ تھا۔
جس کی وجہ مبینہ طور پر اداکارہ کا حسین اور کم عمر نظر آنے کے لیے بیوٹی انجکشن اور مختلف کاسمیٹک ادویات کا مسلسل استعمال تھا۔
پولیس کو شیفالی کے گھر سے دو دوائیوں کے ڈبے بھی ملے ہیں۔ انتقال والے دن انھوں نے کھانا کھایا اور بعد ازاں اینٹی ایجنگ دوائیں لی تھیں۔
ڈاکٹرز نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ اداکارہ کو بغیر کسی ماہر کے تجویز کے خود سے دوائی لینے (Self-medication) کی وجہ سے ہارٹ اٹیک ہوا۔
بیوٹی انجکشن کا معاملہ سامنے آنے پر شوبز شخصیات نے انڈسٹری میں بڑھتی ہوئی کاسمیٹک ٹیکنالوجی اور مختلف اداکارہ ملیکا شراوت نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ مصنوعی طریقے سے خوبصورتی حاصل کرنے سے گریز کریں اور صرف قدرتی طرز زندگی اپنائیں۔
ملیکا شراوت نے اپنی یہ ویڈیو بغیر میک اپ اور فلٹرز کے ریکارڈ کی تھی تاکہ اپنی ہدایات پر وہ خود عمل کرکے مداح کو دیکھا سکیں۔
اداکارہ نے ویڈیو میں اپنے مداحوں کو گڈ مارننگ کہتے ہوئے کہا کہ میں آج صبح آپ سب سے اس طرح مخاطب ہونا چاہتی ہوں کہ نہ کوئی فلٹر ہو، نہ میک اپ، یہاں تک کہ کنگھی بھی نہیں کی۔
ملیکا شراوت نے کہا کہ میں بالکل اس طرح آپ سب کے سامنے آنا چاہتی تھی جس طرح میں اپنے گھر میں بغیر میک اپ میں رہتی ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں یہ بتانا چاہتی ہوں، موجودہ دور میں بوٹاکس انجکشن، فلرز اور دیگر کاسمیٹک طریقوں کی بڑھتی ہوئی لت سے دور رہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ سب بوٹاکس اور مصنوعی فلرز کا انکار کردیں اور صحت مند طرزِ زندگی کو اپنائیں۔