کراچی میں واقع لی مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران شرپسند عناصر نے اسسٹنٹ کمشنر حازم بھنگوار کی ٹیم پر پیٹرول بم سے حملہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق آرام باغ کے اسسٹنٹ کمشنر حازم بھنگوار کی سربراہی میں لی مارکیٹ میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران نامعلوم شرپسندوں نے پیٹرول بم سے حملہ کر دیا۔ تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت تمام ٹیم ممبران محفوظ رہے۔
اسسٹنٹ کمشنر حازم بھنگوار کے مطابق ضلعی انتظامیہ لی مارکیٹ اور آرام باغ میں عرصہ دراز سے قائم غیر قانونی تجاوزات اور مبینہ مافیا کے خلاف کارروائی کر رہی تھی کہ اسی دوران قریبی گلیوں سے پیٹرول بم سے لیس شرپسندوں نے اچانک حملہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی۔ حازم بھنگوار نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والی نہیں اور غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ لیمارکیٹ کو مکمل طور پر کلیئر کیا جائے گا اور اسے ہر قسم کے مافیا سے پاک کیا جائے گا۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے باوجود تمام افسران اور عملہ محفوظ ہے اور کوئی زخمی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔
پیٹرول بم حملے کے نتیجے میں ایک دکان میں آگ لگی جس پر فوری اقدامات کرتے ہوئے قابو پالیا گیا جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سٹی کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچی۔
پولیس نے حملے کے الزام میں تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی سٹی نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس ضلعی انتظامیہ کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرے گی۔
THE PUBLIC POST