سہیل آفریدی کا ہزارہ ڈویژن کیلئے 200 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت خیبر پختونخوا ہاؤس میں ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے سلسلے میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں وفاقی حکومت سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام ہری پور تا مانسہرہ جی ٹی روڈ کو دو رویہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ سڑک کی توسیع کیلئے خیبر پختونخوا حکومت مالی معاونت بھی فراہم کرے گی تاکہ عوام کو سفری سہولیات میسر آ سکیں۔

وزیر اعلیٰ نے ہزارہ ڈویژن کیلئے 200 ارب روپے کا خصوصی جامع ترقیاتی پیکج تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس میں سے 50 ارب روپے خصوصی طور پر سیاحت کے منصوبوں کیلئے مختص کیے جائیں، پارلیمنٹیرینز کو ہدایت کی کہ خصوصی ترقیاتی پلان میں شامل سکیموں کی تجاویز کیلئے علیحدہ مشاورتی نشست منعقد کی جائے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے الائی کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اعلان بھی کیا، آئندہ مالی سال کا ترقیاتی پروگرام ماضی سے مختلف اور نمایاں ہوگا جس میں بڑے اور عوامی اہمیت کے حامل منصوبے شامل کیے جائیں گے جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ عوام فوری طور پر مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اے ڈی پی کو حتمی شکل دینے سے قبل ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ونز تیار کیے جائیں گے اور صوبے کے پسماندہ اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ اجلاس میں سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی، ہزارہ ڈویژن سے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک ہوئے۔

صوبائی وزیر سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کی جائے گی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

Check Also

خیبرپختونخوا: رمضان پیکج کے 13 ارب روپے پی ٹی آئی کارکنان میں بانٹنے کا منصوبہ

خیبر پختونخوا میں رمضان المبارک کے موقع پر مستحقین کے لیے اعلان کردہ ریلیف پیکج …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *