لاہور، کراچی، اسلام آباد:جمعةالوداع کی عبادات اور یوم القدس کی ریلیوں کے باعث ملک بھر میں عبادت گاہوں کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
یوم القدس کے حوالے سے پاکستان کے مختلف شہروں میں سکیورٹی کے پیش نظر مختلف شاہراہوں کو بند کیا گیا ہے اور متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کیے گئے ہیں۔
ہر سال مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کا آخری جمعہ یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے، اس موقع پر دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے منعقد کیے جاتے ہیں۔
یوم القدس کی مناسبت سے پاکستان کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے فلسطین کے حق میں ریلیاں نکالنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
یوم القدس کی حساسیت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں بھی آج چھٹی دی گئی ہے۔
کراچی میں بھی آج یوم القدس کی ریلیوں کا اعلان کیا گیا ہے جس کے باعث کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
یوم القدس کے موقع پر اسلام آباد کے ریڈ زون کو جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کو کھلا رکھا گیا ہے تاہم وہاں موجود سکیورٹی چیک پوسٹس پر معمول سے زیادہ نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ وہاں جانے والے دیگر راستے کنٹینر لگا کر سیل کر دیے گئے ہیں۔
ادھر آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا ہے کہ جمعةالوداع کی عبادات، یوم القدس کی ریلیوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، مغربی سرحدی صورتحال کے پیش نظر دہشت گرد و شر پسند عناصر اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں گے جبکہ مساجد، عبادت گاہوں، پولیس چوکیوں، غیر ملکی سفارت خانوں، حساس مقامات اور تنصیبات کی سکیورٹی بھی بڑھا دی جائے گی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 32 ہزار 500 سے زائد مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر 83 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضاکار تعینات ہیں ، یوم القدس کے موقع پر نکالی جانے والی 136 ریلیوں کی سکیورٹی کیلئے 25 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ صوبہ بھر میں اے کیٹگری کی 15، بی کیٹگری کی 22، سی کیٹگری کی 99 ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
انہوں نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر حکم دیا ہے کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ ٹیمیں مذہبی و حساس مقامات، مارکیٹوں کے گرد پٹرولنگ بڑھا دیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مساجد، عبادت گاہوں، مارکیٹوں سمیت حساس مقامات کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔
بلوچستان پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ جمعہ کے اجتماعات کے لیے کوئٹہ شہر میں تقریبا4,300 پولیس اور دیگر سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔
رات کےوقت شہر کےبازاروں اور مارکیٹوں میں اضافی پولیس اہلکارتعینات ہیں، تھانوں کی اضافی نفری موبائل گشت پرمامور کی گئی ہے۔
THE PUBLIC POST