سلمان آغا کا وائرل رن آؤٹ: ٹریفک پولیس نے سبق آموز پیغام دے دیا

بنگلادیش کے خلاف میچ میں سلمان علی آغا کے متنازع رن آؤٹ کے بعد راولپنڈی ٹریفک پولیس کی پوسٹ سوشل میڈیا پر چھا گئی ہے۔

ٹریفک پولیس نے میچ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک دلچسپ لیکن سبق آموز پیغام دیا، جس میں احتیاط اور ذاتی ذمے داری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

پوسٹ میں لکھا گیا: ’’سڑک ہو یا کھیل کا میدان، محفوظ رہنے کے لیے، دوسروں پر بھروسہ کم اور خود پر اعتماد زیادہ کریں!‘‘

سب سے اہم چیز آپ کی اپنی ذمے داری اور محتاط رویہ ہے۔ راولپنڈی ٹریفک پولیس نے مزید لکھا کہ دوسروں پر مکمل انحصار کرنے کے بجائے اپنے فیصلوں پر بھروسہ کریں اور ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھائیں۔

یہ پیغام ڈرائیونگ کے حوالے سے بھی سبق آموز قرار دیا گیا، جس میں ٹریفک قوانین کی پابندی، اردگرد کی صورتحال پر نظر رکھنا اور اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دینا شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہی رویہ نہ صرف آپ کو بلکہ دوسروں کو بھی محفوظ رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ بنگلادیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں سلمان علی آغا 64 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے جب بنگلادیشی کھلاڑی مہدی حسن نے انہیں رن آؤٹ کیا۔ 38.3 اوورز میں پاکستان کے 227 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ تھے اور محمد رضوان سلمان کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ محمد رضوان نے بولر کی جانب شاٹ کھیلا، گیند سلمان علی آغا سے ٹکرائی اور وہ مہدی حسن کو دینے لگے، لیکن اسپنر نے فوری گیند اٹھا کر وکٹ پر مار دی، جس کے نتیجے میں سلمان علی آغا آؤٹ ہوگئے۔

رن آؤٹ کے بعد سلمان علی آغا کا غصہ بھی واضح نظر آیا، اور پویلین واپس جاتے ہوئے انہوں نے ہیلمٹ اور گلوز اتار کر پھینک دیے اور بنگلادیشی بولر کی جانب اشارہ کرکے کچھ کہتے رہے۔

Check Also

ایشیا ریجنل کوالیفائنگ ایونٹ کیلیے پاکستان کے بوائز و گرلز اسکواڈز کا اعلان

پاکستان ٹینس فیڈریشن نے ایشیاء انڈر12 ٹیم مقابلوں کے ساتھ ایشیاء ریجنل کوالیفائنگ ایونٹ کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *