ناظرین مجھے نیچرل گیٹ اپ میںہی پسند کرتے ہیں، ایوب کھوسہ

سینئر اداکار ایوب کھوسہ کو ہمراہی میں ’لالا‘ کے مضبوط اور دبنگ کردار پر ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

جنگ ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے ایوب کھوسہ نے بتایا کہ ڈرامے میں ان کے کردار کو غیر معمولی ردعمل مل رہا ہے، اور انہیں ملک کے مختلف شہروں کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک سے بھی مداحوں کی کالز اور تعریفی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

انہوں نے ڈرامے کے ہدایتکار بابر جاوید کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہترین انداز میں تمام فنکاروں سے جاندار اداکاری کروائی ہے، جبکہ ڈرامے کی پروڈکشن بھی عالمی معیار کے مطابق ہے۔

ایوب کھوسہ کے مطابق دانش تیمور اور شہزاد نواز نے اپنے کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھر دیا ہے، جس کے باعث ابتدائی دو اقساط کو سوشل میڈیا پر دو کروڑ سے زائد ناظرین دیکھ چکے ہیں۔

صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار کا کہنا تھا کہ سال 2026 ان کے لیے کامیابیوں سے بھرپور ثابت ہو رہا ہے، ان کے متعدد ڈرامے مختلف ٹی وی چینلز پر نشر ہو رہے ہیں، جبکہ ماہرہ خان کی فلم آگ لگے بستی میں میں بھی ان کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے تابش ہاشمی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو بھی خوشگوار قرار دیا۔

اپنے منفرد اندازِ حلیے سے متعلق سوال پر ایوب کھوسہ نے کہا کہ ناظرین نے ان کے قدرتی انداز کو قبول کیا ہے۔ انہوں نے مختلف انداز اپنانے کی کوشش کی، جن میں کلین شیو اور مونچھوں کے بغیر کردار شامل تھے، تاہم انہیں طویل بالوں کے ساتھ زیادہ پسند کیا گیا۔

انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جب ان کے بیٹے نے بھی لمبے بال رکھے تو انہوں نے اسے واضح طور پر کہا کہ یا تو وہ خود یہ انداز اپنائے یا انہیں رکھنے دے۔

ایوب کھوسہ نے ہدایتکاری کے میدان میں اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے جیو کے ڈرامے سوکھے پتے کی ہدایتکاری کی، جس کی شوٹنگ پاکستان اور کینیڈا میں کی گئی۔ اس میں عظمیٰ گیلانی، فرح شاہ، سنیتا مارشل، سعود، نیلما حسن اور بھارتی اداکار سریش اوبرائے شامل تھے۔ ان کے مطابق ہدایتکاری ایک مشکل کام ہے کیونکہ فنکاروں سے مکمل تعاون حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا، تاہم انہوں نے اس کے باوجود اچھا نتیجہ پیش کیا۔

ان کے نمایاں ڈراموں میں چھاؤں، بھنور، ناخدا، دروازہ، دشت، پنجرہ، سسی، آہن، کشکول، باغی، دھواں اور خدا زمین سے گیا نہیں شامل ہیں۔

فلموں کے حوالے سے انہوں نے خدا کے لیے، سلطنت، 021، یلغار، ویلکم ٹو کراچی، ہجرت اور Revenge of the Worthless سمیت دیگر منصوبوں میں کام کیا۔

انہوں نے بطور مصنف اپنے ڈرامے جانو کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اسے بے حد پسند کیا گیا، جس میں انہوں نے مرکزی کردار بھی ادا کیا، اور اسی ڈرامے پر انہیں بہترین مصنف کا پی ٹی وی ایوارڈ ملا۔ بعد ازاں انہیں بہترین اداکاری کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

Check Also

ایرانی پورٹ پر حملے میں جاں بحق پاکستانی نوجوان کی میت کراچی پہنچا دی گئی

ایران کی بندرگاہ بندر عباس میں 23 مارچ کی شب ایک ٹگ بوٹ پر میزائل …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *