بھتہ خوری اور قبضہ مافیا کے خلاف کراچی کی تاجر ایک پلیٹ فارم پر ہیں،حکیم شاہ

کراچی میں تاجر برادری نے مبینہ بھتہ خوری اور غیر قانونی قبضے کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

آل کراچی تاجر الائنس کے صدر آصف گلفام کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی تاجر برادری نے بھتہ خور عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور اس بار بھی سنٹرل پلازہ شاپنگ مال کے دکانداروں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بھی تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔

آل کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین حکیم شاہ نے اس موقع پر کہا کہ تاجر برادری کا اتحاد ناگزیر ہے اور سنٹرل مال کے دکانداروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب سنٹرل پلازہ شاپنگ مال کے دکانداروں کی جانب سے مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ مال کے صدر فرحان شریف کے مطابق ایک دکاندار، شیخ محمد اسلم، پر غیر قانونی قبضے، ہراسانی اور دیگر خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

دکانداروں کا مؤقف ہے کہ مذکورہ شخص نے مال کی متعدد دکانوں پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے اور طویل عرصے سے کرایہ اور مینٹیننس چارجز ادا نہیں کیے۔ مزید برآں اس پر مختلف اداروں میں مبینہ طور پر بے بنیاد شکایات درج کروانے اور انتظامیہ و دیگر دکانداروں کو دھمکانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

دکانداروں کے مطابق حالیہ شکایت کے نتیجے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کی جانب سے چند دکانیں سیل کیے جانے سے مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔

تاجر برادری نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، مبینہ طور پر زیر قبضہ دکانیں واگزار کروائی جائیں اور ذمہ دار شخص کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کاروباری ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Check Also

کراچی: طارق روڈ پر کار خاتون سمیت زمین میں دھنس گئی

کراچی کے علاقے طارق روڈ میں ایک شاپنگ مال کے قریب پیش آنے والے واقعے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *