پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کا دوسرا مرحلہ آج نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے، جس کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
اس مرحلے کے دوران کوالیفائر سمیت مجموعی طور پر 22 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں شائقین کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلوں کی توقع ہے۔ میچز کے انعقاد کے لیے آٹھ وکٹیں تیار کی گئی ہیں، جو بیٹنگ کے لیے سازگار ہونے کے ساتھ اسپنرز کو بھی مدد فراہم کریں گی۔
کراچی میں 28 اپریل تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سخت مقابلے متوقع ہیں، خصوصاً گرم موسمی حالات میں کھیل کا معیار مزید بہتر ہونے کا امکان ہے۔
افتتاحی روز نئی شامل ہونے والی فرنچائز حیدرآباد کنگزمین کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا، جو ایک مضبوط اور متوازن ٹیم تصور کی جاتی ہے۔ لیگ کے 15ویں میچ کا آغاز شام 7 بجے کیا جائے گا۔
میچز کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور تمام ٹیموں کو وی وی آئی پی سطح کی حفاظت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے۔
اسٹیڈیم میں انتظامی تیاریوں کے تحت نشستوں کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ براڈکاسٹرز نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ میچز کو مزید دلکش بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
نیشنل اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت پر پاکستان کرکٹ بورڈ، پی ایس ایل اور شریک تمام آٹھ ٹیموں کے جھنڈے آویزاں کر دیے گئے ہیں۔
تاہم شہر میں لیگ کے حوالے سے تشہیری سرگرمیاں محدود دکھائی دیتی ہیں اور بڑی شاہراہوں پر روایتی خیرمقدمی بینرز اور ہورڈنگز نظر نہیں آ رہے۔ مزید برآں اسٹیڈیم کے اطراف کھلے مین ہولز انتظامی غفلت کی نشاندہی کرتے ہیں، جو شہریوں کے لیے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔
جمعرات کو شیڈول ڈبل ہیڈر میں پہلا میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا۔
کراچی میں کھیلے جانے والے 22 میچز میں 6 ڈبل ہیڈرز اور 10 سنگل میچز شامل ہیں، جبکہ 28 اپریل کو کوالیفائر میں پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست ٹیم کا مقابلہ دوسرے نمبر پر موجود ٹیم سے ہوگا۔
THE PUBLIC POST