ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی، خطرات و آفات کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے ممکنہ موسمی خطرات کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع بشمول کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، سجاول، عمرکوٹ، مٹھی، تھرپارکر اور میرپورخاص میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح صوبہ بلوچستان کے علاقوں ژوب، کوئٹہ، زیارت، قلات، قلعہ سیف اللہ، پشین، مستونگ، بارکھان، قلعہ عبداللہ، چمن اور نوشکی میں بھی خراب موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں جیسے گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، مظفرآباد، باغ، پونچھ، وادی نیلم، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش، آندھی اور ژالہ باری جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

مزید برآں پنجاب کے علاقوں مری، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، ملتان اور ڈی جی خان میں بھی آندھی، بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خراب موسم کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے، سڑکوں پر پھسلن، ژالہ باری سے فصلوں، گاڑیوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، مقامی ہدایات پر عمل کریں اور بروقت معلومات کے لیے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

Check Also

کراچی: 2 دن میں ایل پی جی کی قیمت میں 40 روپے کلو کمی

کراچی میں ایل پی جی کی قیمت میں نمایاں کمی کراچی میں دو دن کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *