اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کیے ہوئے ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔
یومِ دستور (10 اپریل) کی مناسبت سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کا دن قومی جذبے سے منا رہے ہیں اور اس موقع پر دستور کے معماروں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئین عوام اور ریاست کے مابین ایک مقدس معاہدہ ہے جو دونوں کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 اپریل 1973 کو منظور کیے گئے متفقہ آئین پاکستان نے ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام حکومت اور ریاست پاکستان کے مضبوط اداراتی ڈھانچے کی بنیاد رکھی۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 1973 کا آئین پاکستان کے تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے اور یہ آئینی دستاویز نہ صرف ان حقوق کو تفصیل سے بیان کرتی ہے بلکہ ان کی فراہمی کے لیے قانونی لائحہ عمل کو بھی یقینی بناتی ہے۔
THE PUBLIC POST