مینڈس کی ایک اور ففٹی،زلمی کا سلطانز کو 197 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 22ویں مقابلے میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو کامیابی کے لیے 197 رنز کا ہدف دے دیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز اسکور کیے۔

پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا، جس میں محمد حارث نے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے 17 گیندوں پر 38 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی، تاہم بعد ازاں آؤٹ ہوگئے۔

ان کے بعد آنے والے کوشل مینڈس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل تیسری نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 40 گیندوں پر 68 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ مستحکم کیا۔

دیگر بلے بازوں میں صائم ایوب 30، کپتان بابر اعظم 18، مائیکل بریسویل 14 اور افتخار احمد 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد اسماعیل اور پیٹر سڈل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز اور محمد وسیم نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ انہوں نے پچ کے حوالے سے رائے دیتے ہوئے کہا کہ اس وکٹ پر 180 سے 190 رنز کا مجموعہ مسابقتی ثابت ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی اب تک ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ میچز میں ناقابلِ شکست رہی ہے، جن میں سے چار میں کامیابی حاصل کی، جبکہ ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا۔

پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی پہلے جبکہ ملتان سلطانز دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

پی ایس ایل 11 کے تمام میچز پاکستان کے اسپورٹس چینل جیو سپر اور مائیکو ایپ پر براہِ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔

Check Also

مشرق وسطیٰ کی صورتحال، پاسپورٹس بنوانے والوں کی تعداد میں 50 فیصد کمی

مشرقِ وسطیٰ میں جاری غیر مستحکم حالات کے باعث کراچی سمیت دیہی سندھ کے متعدد …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *