ناک کی بالی کا حصہ خاتون کے پھیپھڑے میں جاکر پھنس گیا

میکسیکو میں ایک خاتون کے ساتھ پیش آنے والا ایک غیر معمولی طبی واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں طویل عرصے سے جاری کھانسی کی اصل وجہ حیران کن نکلی۔ طبی معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ اس کی ناک کی بالی کا ایک حصہ سانس کے ذریعے پھیپھڑے میں جا کر پھنس گیا تھا۔

26 سالہ مونیکا دیانیرا کاربریرا باراجاس گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل کھانسی میں مبتلا تھیں، جس کے باعث انہوں نے طبی مشورہ لینے کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی طور پر انہیں توقع تھی کہ ایکسرے کے ذریعے مسئلے کی عام نوعیت سامنے آئے گی، تاہم نتائج نے سب کو حیران کر دیا۔

ایک وائرل ٹک ٹاک ویڈیو میں مونیکا نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں اپنی ناک کی بالی کے غائب ہونے کا علم بھی نہیں ہوا۔ حتیٰ کہ جب انہیں اس کی کمی کا احساس ہوا، تب بھی انہوں نے یہ امکان نہیں سوچا کہ وہ اسے سانس کے ذریعے اندر کھینچ چکی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نیند کے دوران ناک کی بالی کا ایک چھوٹا حصہ الگ ہو کر جسم کے اندر چلا گیا، جس کا انہیں بروقت اندازہ نہیں ہو سکا۔

ڈاکٹروں کے مطابق دھات سے بنی ایک چھوٹی گول باربیل ان کی شہ رگ (ایورٹا) سے محض 0.5 ملی میٹر کے فاصلے پر موجود تھی، جو نہایت خطرناک صورتحال تھی۔ ابتدائی سرجری فوری طور پر کی گئی، تاہم 20 منٹ پر مشتمل یہ عمل ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے کے باوجود کامیاب نہ ہو سکا، کیونکہ یہ دھاتی حصہ بافتوں کے ساتھ چپک چکا تھا۔

بعد ازاں ایک پیچیدہ جراحی عمل کے ذریعے اسے کامیابی سے نکال لیا گیا۔ ماہرین کے مطابق خاتون انتہائی خوش قسمت رہیں، کیونکہ اگر یہ دھاتی ٹکڑا پھیپھڑے یا بڑی خون کی نالی کو نقصان پہنچاتا تو جان لیوا نتائج سامنے آ سکتے تھے، جن میں پھیپھڑوں کی ناکامی یا شہ رگ کا پھٹنا شامل ہے۔

سرجری کے بعد مونیکا کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہیں ناک چھدوانے کا شوق تھا، تاہم اس خوفناک تجربے کے بعد وہ آئندہ ایسا کرنے سے گریز کریں گی۔

Check Also

ایس ای سی پی نے حلال فنانسنگ پروڈکٹ کے اجرا کیلئے گائیڈ لائنزجاری کردیں

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے حلال فنانسنگ مصنوعات کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *