کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر لیاری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم نعیم عرف بوس کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق لیاری کے گینگسٹر شاہنواز عرف گولڈن اور بالاچ بلوچ گروہ سے ہے، اور وہ 2021 میں اس گروہ میں شامل ہوا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم لیاری کے علاقوں بغدادی اور کلری میں بھتہ وصولی اور اسلحے کی ترسیل میں ملوث رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم نجی بلڈرز اور دیگر کاروباری افراد کی معلومات بھتہ مافیا کے سرغنہ کو فراہم کرتا تھا، جبکہ بھتہ نہ دینے کی صورت میں فائرنگ کے واقعات میں بھی ملوث رہا ہے۔
ملزم نے دورانِ تفتیش یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ لیاری میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں بھی شامل رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم عادی مجرم ہے اور اس کے خلاف تھانہ بغدادی میں پہلے سے مقدمہ درج ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم کو اسلحہ و ایمونیشن سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے ایس آئی یو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
THE PUBLIC POST