پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سابق افغان کرکٹر شاپور زدران کی صحت کے حوالے سے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے 38 سالہ شاپور زدران کے لیے ہر قسم کی مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔
سابق افغان کرکٹر شاپور زدران کی طبی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور انہیں ایک سنگین طبی پیچیدگی کے باعث اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ آج شاپور زدران کے بھائی سے گفتگو ہوئی اور سابق کرکٹر کی حالت کے بارے میں سن کر بے حد افسوس ہوا۔
شاہد آفریدی نے شاپور زدران کے لیے لکھا کہ آپ میدان میں ہمیشہ ایک فائٹر رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آپ اس مشکل سے بھی اسی حوصلے کے ساتھ لڑیں گے۔ آپ کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، اگر کسی بھی مدد کی ضرورت ہو تو میں ہمیشہ موجود ہوں۔
واضح رہے کہ شاپور زدران نے افغانستان کی جانب سے 44 ون ڈے میچز میں 43 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 36 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 37 وکٹیں اپنے نام کیں۔
انہوں نے فرنچائز کرکٹ میں بھی مختصر مگر مؤثر کردار ادا کیا۔ شاپور زدران نے 2025ء میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
THE PUBLIC POST