کراچی میں جرائم کی لہر برقرار، مختلف علاقوں میں ڈکیتی و فائرنگ کے واقعات
کراچی کے مختلف علاقوں نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد اور نیو سبزی منڈی میں مسلح ڈکیتی کی متعدد وارداتوں کے دوران ایک تاجر جاں بحق جبکہ ایک شہری زخمی ہوگیا، جبکہ مجموعی طور پر کروڑوں روپے کی نقدی لوٹ لی گئی۔
ریسکیو اور پولیس حکام کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر 4 پیر بازار کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دودھ کے ایک تاجر کو گھر کے قریب مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور تقریباً 10 لاکھ روپے کی نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ مقتول کی شناخت 40 سالہ ناصر کے نام سے ہوئی، جو اسلام آباد سے تعلق رکھتا تھا اور گزشتہ ڈیڑھ سال سے کراچی میں کاروبار سے منسلک تھا۔
اطلاعات کے مطابق واقعے کے وقت متاثرہ شخص بینک سے رقم نکلوا کر گھر پہنچا تھا، جہاں ڈاکوؤں سے مزاحمت کے دوران فائرنگ کی گئی۔ اہل محلہ کے جمع ہونے پر ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔
اسی طرح نیو سبزی منڈی کے قریب ایک پیٹرول پمپ مالک کو مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کیا گیا جبکہ ملزمان مبینہ طور پر 75 لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹ کر فرار ہوئے۔
حکام کے مطابق ان واقعات کے بعد شہر میں رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 25 تک پہنچ گئی ہے۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ نے کراچی پولیس چیف سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
THE PUBLIC POST