آزاد کشمیر میں مرحلہ وار الیکشندھاندلی کیلئے کرائے گئے: بلاول بھٹو پھر برس پڑے

باغ: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مرحلہ وار الیکشن دھاندلی کیلئے کرائے گئے۔
آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات، ملکی سیاسی صورتحال اور مسلم لیگ (ن) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کس مرحلے میں صاف، شفاف اور پرامن انتخابات ہوئے، اور الزام عائد کیا کہ مرحلہ وار انتخابات کرانے کا مقصد دھاندلی کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عوام انتخابی عمل کی شفافیت پر سوال اٹھا رہے ہیں اور اس کا جواب حکومت کے پاس نہیں، ’شیر‘ صرف طاقت اور اقتدار کا بھوکا ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے دعویٰ کیا کہ ابھی آدھا انتخابی مرحلہ باقی ہے اور ان شاء اللہ جلد (ن) لیگ کو حقیقت کا اندازہ ہو جائے گا، مظفرآباد میں حکومت بنانے کے دعوے بھی حقیقت سے دور ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلام آباد کی حکومت بھی خطرے میں ہے اور اس کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے، وہ خود یہ بات نہیں کر رہے بلکہ ’بڑے بڑے لوگ‘ کہہ رہے ہیں کہ نظام (سسٹم) کلیپس کر چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی بحران کی ذمہ دار پاکستان پیپلز پارٹی نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) خود ہے، پیپلز پارٹی کی لڑائی صرف انتخابات تک محدود ہے، جب کہ مسلم لیگ (ن) کی اصل لڑائی اس کے اپنے اندر جاری ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) کا ایک خاص دھڑا وزیراعظم کی ہر کوشش کو ناکام بنانے میں مصروف ہے، جس کے باعث حکومتی معاملات مزید پیچیدہ ہو رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں سیاسی صورتحال مزید واضح ہو جائے گی اور عوام کے فیصلے کا احترام کرنا ہوگا۔

Check Also

پیٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کےملک گیر دھرنے، نیشنل ہائی وے بند

کراچی: جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کیخلاف ملک گیر احتجاجی دھرنے شروع ہوگئے، …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *