وزارتِ توانائی نے شمسی توانائی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے نئے ضوابط متعارف کرا دیے ہیں، جن کے تحت اب ہر صارف کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے باقاعدہ لائسنس حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار کے لیے صارفین کو اپنے سسٹم کی گنجائش کے مطابق لائسنس لینا پڑے گا۔ اس سے قبل 25 کلو واٹ تک کے سسٹمز کے لیے تقسیم کار کمپنیاں خود لائسنس جاری کر سکتی تھیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پاور ڈویژن کی جانب سے کی گئی ترامیم کے تحت صارفین کو اپنے لوڈ کے مطابق فیس بھی ادا کرنا ہوگی، جو نیپرا کے نام پر پے آرڈر کی صورت میں جمع کرائی جائے گی۔
نئے قواعد کے مطابق، پہلے 25 کلو واٹ تک کے سسٹمز کے لیے لائسنس مفت جاری کیا جاتا تھا، تاہم اب صارفین کو فی کلو واٹ ایک ہزار روپے کے حساب سے اضافی ادائیگی کرنا ہوگی۔
ترامیم میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ صارفین کو نیٹ بلنگ منصوبے کے تحت کنکشن فراہم کیا جا سکے گا، جبکہ ہائبرڈ ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے صارفین کو لائسنس کے تقاضے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
THE PUBLIC POST