کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث ایک مبینہ بین الصوبائی گینگ کی سرغنہ انمول عرف پنکی کو حراست میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ شہر کے پوش علاقوں، خصوصاً ڈیفنس اور کلفٹن میں آئس (کرسٹل میتھ) اور کوکین جیسی مہنگی منشیات کی سپلائی کرنے والے منظم نیٹ ورک کی سربراہی کر رہی تھی۔
حکام کے مطابق ملزمہ کئی سالوں سے اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تھی اور پورے نیٹ ورک کی خود نگرانی کرتی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ ماہانہ کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی فروخت میں ملوث رہی، جبکہ اس کے نیٹ ورک کے تانے بانے کراچی کے مختلف علاقوں کے علاوہ دیگر صوبوں تک بھی پھیلے ہوئے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ ملزمہ سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران نیٹ ورک کے دیگر ارکان اور سہولت کاروں کے بارے میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔
THE PUBLIC POST