انمول عرف پنکی کو سیکیورٹی خدشات کے باعث عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا،ویڈیو لنک پر پیشی کی یقین دہانی

کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں منشیات کے مقدمے میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جس دوران وومن جیل سپرنٹنڈنٹ عدالت میں پیش ہوئیں اور ملزمہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی درخواست دائر کی۔

جیل حکام کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انمول عرف پنکی کو آج تھانہ گارڈن میں درج منشیات کے مقدمے کے سلسلے میں عدالت میں پیش کیا جانا تھا، تاہم سیکیورٹی خدشات اور ممکنہ نقصِ امن کے باعث اسے عدالت لانا ممکن نہیں ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ مقدمے کی سماعت کے لیے نئی تاریخ مقرر کی جائے۔ جیل حکام نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سماعت پر ملزمہ کو جیل سے آن لائن ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات کا مقدمہ تھانہ گارڈن میں درج ہے اور وہ اس وقت عدالتی کارروائی کا سامنا کر رہی ہے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات کے مقدمے میں مبینہ دو سہولت کاروں کی درخواست ضمانت پر بھی سماعت ہوئی۔ عدالت کے روبرو ملزمان سہیل الرحمان اور ذیشان الرحمٰن نے ضمانت کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا انمول عرف پنکی کے مبینہ جرم سے کوئی تعلق نہیں، لہٰذا انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔

وکیل صفائی کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جو رواں ہفتے سنائے جانے کا امکان ہے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ بغدادی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عدالتی کارروائی کے بعد منشیات کیس میں آئندہ پیش رفت اور محفوظ فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ انمول عرف پنکی کی آئندہ سماعت ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے کا امکان ہے۔

Check Also

نیویارک سے کراچی آنے والا امریکی شہری حیدرآباد سے بازیاب،لاپتہ ہونے کا معمہ حل

نیویارک سے کراچی آنے والے امریکی شہری زید منیر کے لاپتہ ہونے کے معاملے میں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *