سندھ کے مختلف شہروں میں مٹی کا طوفان ، تباہی مچادی

سندھ کے مختلف شہروں میں مٹی کے طوفان نے تباہی مچادی۔ تیزہواؤں سے سولرپلیٹوں، گھروں کی چھتوں کوجزوی نقصان پہنچا جبکہ آگ لگنے سے 40 سے زائد گھر خاکستر ہوگئے، سندھ میں تیز ہواؤں کے ساتھ مٹی کا طوفان آیا جس سے شدید گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا لیکن بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ مٹی کے شدید طوفان اور موسلا دھار بارش کے باعث مواصلاتی اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، سکھر اور گردونواح میں حدِ نگاہ انتہائی متاثر ہوئی جبکہ سیپکو ریجن کے 60 سے زائد بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے وسیع علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔

کشمور اور کندھ کوٹ میں بھی تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کی وجہ سے شہریوں کی سولر پلیٹیں اڑ گئیں اور کئی گھروں کی چھتوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ جنوبی پنجاب کے علاقے علی پور کے موضع ڈھاکہ، باقر شاہ اور بستی بگٹی میں آندھی کے دوران اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ تیز ہوا کے باعث آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے بستی بگٹی کے 40 سے زائد گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے کر خاکستر کر دیا۔ واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد شدید جھلس گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے ملک میں داخل ہونے والے اس مغربی سسٹم کے تحت صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق 2 سے 5 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

متاثر ہونے والے ممکنہ اضلاع میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گجرانوالہ اور حافظ آباد شامل ہیں۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آندھی اور طوفان کے پیش نظر کچے مکانات اور ہارڈنگ بورڈز کے گرنے جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنائے۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے آج سے 5 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اوربارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا،پنجاب میں چند مقامات پر موسلاھاربارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں شدیدگرمی سے گلیشیائی جھیلیں پھٹنےاور سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے،ادھر پی ڈی ایم اے نے چترال،دیر،سوات،کوہستان اورمانسہرہ کےلیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

Check Also

لیگی رہنما کو اداکارہ سے پھڈا مہنگا پڑگیا، اثاثوں کی تفصیلات سے متعلق درخواست دائر

رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے اثاثوں کی تفصیلات کے حصول کے لیے الیکشن کمیشن …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *