شیر شاہ سے لاپتہ ہونے والی دو کمسن کزن لڑکیاں بلوچستان سے بحفاظت بازیاب

کراچی: انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس نے شیر شاہ سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی دو نوعمر کزن لڑکیوں کا سراغ لگا کر انہیں بلوچستان کے علاقے ساکران سے بحفاظت بازیاب کروا لیا۔

ترجمان ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی کے مطابق 13 سالہ اسما اور 14 سالہ حنا، جو آپس میں کزن ہیں، چند روز قبل شیر شاہ کے علاقے سے لاپتہ ہو گئی تھیں۔ دونوں لڑکیوں کی گمشدگی پر اہل خانہ کی جانب سے شیر شاہ تھانے میں مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔

پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد لڑکیوں کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات اور تلاش کا عمل شروع کیا۔ دورانِ تفتیش معلوم ہوا کہ دونوں لڑکیاں بلوچستان کے علاقے ساکران میں موجود ہیں۔

اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں لڑکیوں کو تلاش کر کے بحفاظت اپنی تحویل میں لیا اور بعد ازاں انہیں والدین کے حوالے کر دیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دونوں لڑکیاں اپنے گھر سے نیول کالونی میں واقع اپنے ماموں کے گھر جانے کے لیے نکلی تھیں، تاہم وہ انجانے میں غلط بس میں سوار ہو گئیں اور ساکران پہنچ گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے بازیاب لڑکیوں کو بیان ریکارڈ کرانے کی غرض سے عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Check Also

احسن آباد میں نرسنگ انسٹیٹیوٹ کے ہاسٹل سے طالبہ کی لاش برآمد

کراچی: شہر کے علاقے احسن آباد میں واقع ایک نجی نرسنگ انسٹیٹیوٹ کے ہاسٹل سے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *