ایران اسرائیل کشیدگی میں وقفہ؛ تیل کی قیمتیں گر گئیں

ایران اور اسرائیل کی جانب سے ایک دوسرے پر حملے روکنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی، تاہم سرمایہ کار اب بھی صورتحال پر محتاط نظر رکھے ہوئے ہیں۔

منگل کے روز برینٹ کروڈ کی قیمت 91 سینٹ کمی کے ساتھ 93.34 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 1.13 ڈالر کمی کے بعد 90.17 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

یہ کمی اس وقت سامنے آئی جب ایران اور اسرائیل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپیل پر حملے روکنے کا اعلان کیا، اگرچہ دونوں ممالک نے خبردار کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر کارروائیاں دوبارہ شروع کی جا سکتی ہیں۔

اس سے قبل قیمتوں میں پانچ فیصد تک اضافہ دیکھا گیا تھا جب اسرائیل کے ایران اور لبنان میں حملوں نے جنگ کے خاتمے کی امیدوں کو کمزور کر دیا تھا، تاہم بعد ازاں ایران کی جانب سے فوجی کارروائیاں روکنے کے اعلان پر قیمتیں نیچے آ گئیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق وقتی طور پر کشیدگی میں کمی سے مارکیٹ کو کچھ ریلیف ملا ہے، لیکن سرمایہ کار اس بات پر قائل نہیں کہ یہ صورتحال دیرپا ثابت ہوگی۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے دوبارہ حملہ کیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، جبکہ ایران نے کہا ہے کہ اگر لبنان میں حزب اللہ کو نشانہ بنایا گیا تو وہ کارروائی دوبارہ شروع کرے گا۔

ادھر امریکا ایران سے مذاکرات میں آبنائے آبنائے ہرمز کھولنے پر زور دے رہا ہے، جہاں سے دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل سپلائی گزرتی ہے۔

Check Also

انمول پنکی صرف ایک مہرہ ہے، اصل شخص کو بچایا جا رہا ہے، نبیل گبول

اسلام آباد:رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہا ہے کہ انمول پنکی صرف ایک مہرہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *