ایندھن کی قیمتیں کم، عوام کو ریلیف نہ مل سکا کراچی میں لوکل بسوں کے کرائے برقرار

کراچی : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود کراچی میں چلنے والی لوکل بسوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں تاحال کوئی نمایاں کمی نہیں کی جا سکی، جس کے باعث شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹرز فوری طور پر کرایوں میں اضافہ کر دیتے ہیں، تاہم قیمتوں میں کمی کے باوجود مسافروں کو اس کا ریلیف منتقل نہیں کیا جاتا۔شہریوں نے ٹرانسپورٹرز کے رویے کو “بدمعاشی” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرایوں میں کمی نہ کرنا عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے بعد بھی من مانے کرائے وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری مداخلت کرے اور سرکاری نرخ نامے کے مطابق کرایوں میں کمی کو یقینی بنائے۔روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی گھریلو بجٹ شدید متاثر ہے، ایسے میں کرایوں میں کمی نہ ہونا ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔

کئی مسافروں نے شکایت کی کہ بعض روٹس پر مقررہ کرایوں سے بھی زائد وصولی کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب بعض ٹرانسپورٹرز کا مؤقف ہے کہ گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس، ٹائروں، مرمت اور دیگر آپریشنل اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ ایندھن ٹرانسپورٹ کے بنیادی اخراجات میں شامل ہے اور اس کی قیمت کم ہونے کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچنا چاہیے۔

شہری تنظیموں، سماجی کارکنوں اور مسافروں نے حکومت سندھ اور محکمہ ٹرانسپورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی من مانی کا نوٹس لیا جائے، کرایوں کا ازسرنو تعین کیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

Check Also

کاروباری خواتین کیلئےپاکستان کی پہلی ڈیجیٹل قرضہ اسکیم متعارف

کراچی: کاروباری خواتین کیلئے پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل قرضہ اسکیم متعارف کرادی گئی۔ سکیورٹیز اینڈ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *