اداکارہ مومنہ اقبال نے اعلیٰ معیار کا سوشل میڈیا کانٹینٹ تیار کرنے والی سیاسی شخصیات پر تنقید کی ہے جو سیلاب سے تباہ شدہ علاقوں میں جاکر ویڈیوز بنا رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کر رہے ہیں۔
مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز، ٹک ٹاکرز اور اداکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ اپنے متعلقہ پلیٹ فارمز اور کام کو چھوڑ دیں کیوں کہ اب سیاسی شخصیات اس میدان میں اُتر چکی ہیں۔
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ ’میں تمام TikTokers، YouTubers اور اداکاروں سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو چھوڑ دیں کیونکہ ہمارے تمام سیاستدان سوشل میڈیا جوائن کر چکے ہیں اور وہ یہ کام ہم سے بہتر کر رہے ہیں۔ خاص طور پر ان کے کانٹینٹ کریٹرز اور کیمرہ مین‘۔
اداکارہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ہم جانتے ہیں کہ وہ اپنے حلقے میں صرف 10 سے 15 منٹ کے لیے جاتے ہیں اور بعد میں غائب ہو جاتے ہیں، وہ ہماری حفاظت کریں گے؟۔
حفاظت کریں گے؟۔

ملک کے بڑے حصوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے حوالے سے مومنہ اقبال نے کہا کہ سیاست دان اپنے محلوں میں رہتے ہیں اور وہ اس عام آدمی کا درد نہیں جانیں گے جس نے اپنے گھر پسینے اور خون سے بنائے ہیں اور ان کی سالوں کی محنت سے کھڑی کی گئی فصل تباہ ہوگئی جس کی وجہ سے وہ مر چکے ہیں مگر زندہ رہنے پر مجبور ہیں۔
سوشل میڈیا پر اداکارہ کے مداح ان کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے آواز اُٹھانے پر مومنہ اقبال کو سراہا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستانی اداکارہ اور گلوکارہ عارفہ صدیقی نے بھی سیلابی پانی سے اپنے گھر کو پہنچنے والے نقصان کی ویڈیو شیئر کی تھی۔