’اللہ کی رضا کے لیے خود کو بدلنا چاہتی ہوں‘، سامعہ حجاب

پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر سامعہ حجاب نے اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اللہ کی رضا کی خاطر مختصر اور نمایاں لباس پہننا چھوڑ دیے ہیں، تاہم انہیں خدشہ ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگ انہیں اس فیصلے پر بھی تنقید کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔

سامعہ حجاب اس وقت خبروں میں آئی تھیں جب انہوں نے اپنے ساتھ مبینہ اغوا کی کوشش کا دعویٰ کیا تھا۔ بعد ازاں اس معاملے کو عدالت سے باہر طے کر لیا گیا۔ اس واقعے کے بعد انہوں نے بیرونِ ملک سفر کیے اور سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہیں، جن پر ان کے لباس اور طرزِ زندگی کے حوالے سے مختلف آراء سامنے آتی رہیں۔

اسی دوران بعض سوشل میڈیا صارفین نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سامعہ حجاب نے مبینہ اغوا کے واقعے کو ہمدردی اور شہرت حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

حال ہی میں انسٹاگرام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سامعہ حجاب نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانا چاہتی ہیں اور محسوس کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے خود کو بدلنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق اسی سوچ کے تحت انہوں نے مختصر اور نمایاں لباس پہننا ترک کر دیا ہے اور حجاب اختیار کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ یہ تبدیلی دل سے لانا چاہتی ہیں، لیکن انہیں سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ اور تنقید کا خوف بھی محسوس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ اکثر کسی کی ماضی کی بنیاد پر رائے قائم رکھتے ہیں اور تبدیلی کو آسانی سے قبول نہیں کرتے۔

سامعہ حجاب نے مزید کہا کہ ان کے نزدیک سوشل میڈیا کسی انسان کو دوسرا موقع دینے پر آمادہ نہیں ہوتا، جبکہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے لیے ہمیشہ توبہ، اصلاح اور نئی شروعات کا دروازہ کھلا رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی سوچ انہیں اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی کی جانب بڑھنے کا حوصلہ دے رہی ہے۔

Check Also

گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا الرٹ جاری،بالائی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

پشاور: پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *