آیت اللہ خامنہ ای کی آج تدفین: میت عراق سے واپس ایران روانہ

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی میت عراق کے شہر نجف سے ایران کے شہر مشہد روانہ کردی گئی ہے، جہاں آج انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔

ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق تابوت کی منتقلی آخری رسومات کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جو گزشتہ چھ روز سے ایران اور عراق کے مختلف شہروں میں جاری تھیں۔

رپورٹس کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین مشہد میں کی جائے گی، جو ایران کا ایک مقدس شہر سمجھا جاتا ہے۔ ان کی خواہش کے مطابق انہیں امام رضا کے مزار کے قریب دفن کیا جائے گا۔

آیت اللہ خامنہ ای کے دفتر کے سربراہ محمد محمدی گلپایگانی نے بتایا کہ مرحوم رہنما نے اپنی زندگی میں ہی مشہد میں تدفین کی خواہش ظاہر کی تھی۔ ان کے مطابق خامنہ ای نے وصیت کی تھی کہ انہیں امام رضا کے روضے کے قریب سپرد خاک کیا جائے۔

تابوت کی منتقلی سے قبل ایران اور عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا سمیت مختلف مقامات پر تعزیتی تقریبات اور جنازے کے مراحل مکمل کیے گئے۔ ان رسومات میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور مرحوم رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ایرانی حکام کے مطابق چھ روز تک جاری رہنے والی یہ آخری رسومات دونوں ممالک میں عقیدت اور احترام کے ساتھ ادا کی گئیں، جبکہ آج مشہد میں تدفین کے بعد یہ مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔

اس سے قبل ایرانی میڈیا کے مطابق سید علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی میتیں گزشتہ شب عراق سے ایران روانہ کیے جانے سے قبل نجف اور کربلا میں آخری مذہبی رسومات ادا کی گئیں تھیں۔

نجف میں روضۂ حضرت علیؓ پر لاکھوں افراد نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی تھی، جس کے بعد جسدِ خاکی کو کربلا منتقل کیا گیا تھا، جہاں روضۂ امام حسینؓ پر بھی نمازِ جنازہ ادا کی گئی تھی۔

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ کربلا میں نکالے گئے جنازے کے جلوس میں تقریباً 40 لاکھ سوگوار شریک تھے، جبکہ روضۂ امام حسینؓ پر رات بھر فاتحہ خوانی، نوحہ خوانی اور مرثیہ خوانی کا سلسلہ جاری تھا۔ تاہم اس تعداد کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

رپورٹس کے مطابق آج آیت اللہ خامنی ای کی مشہد میں روضۂ امام رضاؓ کے احاطے میں سرکاری اعزاز اور مذہبی رسومات کے ساتھ تدفین کی جائے گی۔

اس موقع پر ایران بھر سے لاکھوں عزاداروں کی مشہد آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

Check Also

پہلے ہی پتہ تھا معاہدہ نہیں ہوگا،ایران جنگ میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں، اسرائیل

اسرائیل میں ایک فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج ہائی الرٹ پر ہے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *