کراچی میں ڈی 8ہیلتھ سمٹ 2026ء کا آج سے آغاز

ترقی پذیر 8 اسلامی ممالک (ڈی 8) کے رکن ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ڈی 8 ہیلتھ سمٹ 2026ء آج سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہو رہا ہے، جو 25 جولائی تک جاری رہے گا۔

یہ بین الاقوامی سربراہی اجلاس ابنِ سینا انسٹی ٹیوٹ، ورلڈ ایجنگ کونسل اور کراچی ہیلتھ کیئر ایکسپو اینڈ کانفرنس کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

اس سال سمٹ کا مرکزی موضوع صحت مند اور عمر دوست ڈی 8 ممالک رکھا گیا ہے، جس کے تحت صحت سے متعلق سفارت کاری، عمر رسیدہ آبادی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز، احتیاطی طبی خدمات، طویل اور صحت مند زندگی (Longevity)، طبی سیاحت، ڈیجیٹل ہیلتھ، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور پائیدار صحت کی پالیسیوں جیسے اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

سمٹ کے دوران ممتاز ماہرِ عمر رسیدگی (Gerontologist) ڈاکٹر کمال آیدِن عالمی صحت اور عمر رسیدگی کی سفارت کاری: ڈی 8 ممالک کے لیے مستقبل کا وژن کے عنوان سے کلیدی خطاب کریں گے، جس میں وہ بالخصوص COP31 کے تناظر میں صحت مند اور عمر دوست شہروں کے قیام کے لیے بین الاقوامی تعاون سے متعلق اپنی تجاویز پیش کریں گے۔

ڈاکٹر کمال آیدِن، جنہوں نے 1996ء میں پاکستان کی پنجاب یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کی اور اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے ابتدائی برس پاکستان کے ساتھ مضبوط علمی روابط استوار کرنے میں گزارے، اس سال ڈی 8 ہیلتھ سمٹ 2026ء کے صدر اور کراچی ہیلتھ کیئر ایکسپو اینڈ کانفرنس کے اعزازی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کر رہے ہیں۔

اپنے پیغام میں ڈاکٹر کمال آیدِن نے کہا کہ تقریباً 30 برس قبل ایک نوجوان معالج کی حیثیت سے جن خوابوں کے ساتھ ہم نے ابنِ سینا انسٹی ٹیوٹ اور ورلڈ ایجنگ کونسل کی بنیاد رکھی تھی، آج انہیں ایک عالمی پلیٹ فارم کی صورت میں دیکھنا میرے لیے انتہائی باعثِ مسرت ہے، پاکستان جہاں سے میں نے تعلیم حاصل کی اور جسے میں ہمیشہ اپنا دوسرا وطن سمجھتا ہوں، وہاں اعزازی مہمان کے طور پر مدعو ہونا میرے لیے ایک منفرد اعزاز ہے۔

انہوں نے کراچی ہیلتھ کیئر ایکسپو اینڈ کانفرنس کے منتظمین تنویر عباس، ڈاکٹر عابد عباس شیخ اور پوری منتظمہ ٹیم کا کامیاب انتظامات اور تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

سمٹ کے ساتھ ساتھ 20 سے 27 جولائی 2026ء تک کراچی ڈی 8 ہیلتھ کیئر ویک بھی منعقد کیا جا رہا ہے، جس کے دوران صحت، عمر رسیدگی، جدت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون سے متعلق کانفرنسیں، علمی نشستیں، بی ٹو بی ملاقاتیں اور سماجی ذمے داری کے مختلف پروگرام منعقد ہوں گے۔

اس موقع پر اقوامِ متحدہ کی عالمی عمر رسیدگی اسمبلی کے قیام کی حمایت میں ایک بین الاقوامی دستخطی مہم شروع کرنے کے علاوہ گلوبل ہیلتھ اینڈ ایجنگ ایمبیسیڈرز پروگرام کا بھی باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

منتظمین کے مطابق ڈی 8 ہیلتھ سمٹ 2026ء رکن ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں سفارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، تجربات اور مہارتوں کے تبادلے کو فروغ دینے اور صحت مند، عمر دوست اور پائیدار معاشروں کی تشکیل کے لیے ایک مؤثر عالمی پلیٹ فارم ثابت ہو گا۔

Check Also

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان

کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔کاروباری ہفتے کے چوتھے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *