نکیال: آزاد کشمیر کے حلقہ نکیال میں پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کا کارکن مختار یونس جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ نکیال کے گاؤں دھیری میں پیش آیا جہاں پولنگ کے دوران دونوں جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آ گئے۔ کشیدگی بڑھنے پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں مختار یونس موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ تین افراد زخمی ہوئے، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔
پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے الزام عائد کیا کہ حلقہ ایل اے 9 نکیال میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے اسلحے کی نمائش اور عوام کو ہراساں کرنے کے واقعات کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن مختار یونس ولد کامران جاں بحق ہوگئے۔
سردار عبدالشکور نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث تمام افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، علاقے میں امن و امان کی صورتحال بحال کی جائے اور ووٹرز کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چند روز قبل سردار عمیر نعیم اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے اسلحے کی نمائش اور لوگوں کو خوفزدہ کرنے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ چکی تھی۔ اگر اس وقت متعلقہ ادارے بروقت کارروائی کرتے تو آج اس افسوسناک واقعے سے بچا جا سکتا تھا۔
سردار عبدالشکور نے الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ انتخابی عمل پرامن ماحول میں مکمل ہوسکے۔
THE PUBLIC POST