کراچی کا یونیورسٹی روڈ 15 ستمبر تک100 فیصد مکمل ہو جائے گا: شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیرِ ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے یونیورسٹی روڈ پر کوریڈور کا 80 سے 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، سڑک 15 ستمبر تک 100 فیصد مکمل ہو جائے گی۔

شرجیل میمن نے بی آر ٹی ریڈ لائن کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر اس وقت ٹریفک کی روانی میں کوئی مسئلہ نہیں، اگلے ماہ ڈبل ڈیکر بسوں کی بڑی تعداد کراچی پہنچ جائے گی، الیکٹرک گاڑیاں بھی جَلد دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ 500 الیکٹرک بسوں کی منظوری دی جا چکی ہے اور پنک اسکوٹیز بھی بہت جَلد خواتین کے لیے دستیاب ہوں گی۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ سے حکومت میں آتی ہے اور اقتدار میں آکر عوامی خدمت کے منصوبے مکمل کرتی ہے، تھر میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں جن سے سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے اور تھر کا کوئلہ پورے پاکستان کے بجلی گھروں کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کا کردار ہے، ملک کے لیے پارٹی کی خدمات کی مثال نہیں ملتی۔

سندھ حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر محکمے میں دن رات کام کر رہی ہے، 21 لاکھ گھروں کے منصوبےمیں لاکھوں گھر تیار ہو چکے ہیں، گھروں کا یہ منصوبہ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی تعمیر کردہ شاہراہ بھٹو پر ٹریفک کا رش منصوبے کی کامیابی کا ثبوت ہے، سندھ واحد صوبہ ہے جو پروپیگنڈے کے بجائے عملی طور پر کام کر رہا ہے۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ میں صحت کے شعبے میں مفت اور جدید طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، دیگر صوبے جو اقدامات آج کر رہے ہیں، سندھ ان میں سے کئی منصوبے پہلے ہی شروع کر چکا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں ایئر ایمبولینس کی سہولت بھی کافی عرصے سے موجود ہے اور یہ سروس پہلے ہی شروع کی جا چکی ہے۔

Check Also

اب 20 نہیں 40 لاکھ لوگ لیکر اسلام آباد جائیں گے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 تاریخ کو اسلام …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *