پیٹرول مہنگا، ڈیزل سستا:حکومت نے نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول مہنگا اور ہائی اسپیڈ ڈیزل سستا کردیا ہے۔

وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے یکم ستمبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے۔

نوٹیکفیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 77 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 342 روپے 02 پیسے سے بڑھ کر 342 روپے 79 پیسے فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی ہے۔

دوسری طرف ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 03 پیسے کی کمی کی گئی ہے، اس کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 371 روپے 44 پیسے کم ہوکر 370 روپے 41 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ایک روز یکم ستمبر تک کے لیے ہوگیا۔

یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال کے باعث حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ کیا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی اور قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

واضح رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 12 مرتبہ کمی اور 16 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 10 مرتبہ کمی ہوئی جب کہ 18 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 28 اگست کو حکومت نے اگلے 3 روز کے لیے 31 اگست تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کیا تھا، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 58 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 17 پیسے کی کمی کی گئی تھی، اس کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 342 روپے 02 پیسے فی لیٹر جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 371 روپے 44 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔

Check Also

عمران خان، بشریٰ بی بی کی قید تنہائی سے متعلق درخواستیں قابل ساعت قرار، اہم ہدایات جاری

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *