معذور مسافر سے مبینہ توہین آمیز سلوک، کسٹمز عملے پر سنگین الزامات

*کراچی (رپورٹ: عمران خان)* جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امریکہ سے آنے والے ایک معذور اور وہیل چیئر پر موجود مسافر نے کسٹمز عملے پر تلاشی کے دوران مبینہ طور پر غیر ضروری سخت، توہین آمیز اور غیر حساس رویہ اختیار کرنے کا سنگین الزام عائد کردیا۔ مسافر کا دعویٰ ہے کہ تلاشی کے دوران اس کے جسم کے ساتھ منسلک طبی آلات، پیشاب اور اسٹول کے بیگز، سپلائی نالیوں اور ادویات کے ایمرجنسی باکس تک کی جانچ کی گئی، جس کے باعث اسے شدید ذہنی اذیت اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ کے شہر ہیوسٹن سے آنے والی ترکش ایئرلائن کی پرواز نمبر TK-708 کے ذریعے 6 اکتوبر کی صبح تقریباً ساڑھے 4 بجے کراچی پہنچنے والے معذور مسافر شاہد پیرزادہ نے الزام عائد کیا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز کلیئرنس کے دوران افسران معظم، مسعود ملک اور سپاہی عبد الہادی نے اس کے ساتھ غیر ضروری طور پر سخت اور غیر حساس رویہ اختیار کیا۔ مسافر کے مطابق وہ وہیل چیئر پر تھا اور اسے مستقل طبی آلات اور مخصوص طبی ضروریات درکار ہیں، تاہم تلاشی کے عمل میں اس کی جسمانی حالت اور نجی طبی ضروریات کا مناسب خیال نہیں رکھا گیا۔

شاہد پیرزادہ کے مطابق کسٹمز عملے نے اس کے جسم کے ساتھ منسلک طبی آلات اور سپلائی نالیوں سمیت پیشاب اور اسٹول کے بیگز کی بھی تفصیلی تلاشی لی، جبکہ ادویات کے ایمرجنسی باکس کو بھی چیک کیا گیا۔ مسافر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی یا کسٹمز چیکنگ اپنی جگہ ضروری ہوسکتی ہے، تاہم خصوصی ضرورت رکھنے والے شخص کی تلاشی کے دوران انسانی وقار، رازداری اور طبی حساسیت کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جانا چاہیے۔

متاثرہ مسافر نے دعویٰ کیا کہ واقعے کے دوران اسے شدید ذہنی اذیت اور ہتک آمیز کیفیت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں، تلاشی کے عمل میں شامل اہلکاروں کے کردار کا تعین کیا جائے اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ و قانونی کارروائی کی جائے۔

مسافر نے مزید مطالبہ کیا کہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر معذور اور خصوصی ضرورت رکھنے والے مسافروں کی تلاشی اور چیکنگ کے لیے واضح، باوقار اور انسانی حقوق کے مطابق طریقہ کار وضع کیا جائے، جبکہ کسٹمز اور دیگر متعلقہ عملے کو خصوصی ضرورت رکھنے والے افراد کے ساتھ برتاؤ کے حوالے سے باقاعدہ تربیت بھی فراہم کی جائے۔

مسافر نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ اسے پیش آنے والی مبینہ ذہنی اذیت اور ہتک آمیز سلوک پر متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ وضاحت کی جائے۔ دوسری جانب کراچی ایئرپورٹ کسٹمز کلیکٹریٹ کے متعلقہ حکام کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آسکا، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات اور سرکاری ردِعمل کا انتظار ہے۔ فراہم کردہ الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ نامزد اہلکاروں اور متعلقہ کسٹمز حکام کا مؤقف سامنے آنے پر اسے بھی خبر کا حصہ بنایا جائے گا۔

Check Also

ایف آئی اے امیگریشن میں بڑا نظام تبدیل،2005 کا اسٹینڈنگ آرڈر منسوخ

اسلام آباد:وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) امیگریشن نے ملک بھر کے بین الاقوامی ایئرپورٹس، سی پورٹس …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *