لاہور : مرکزی مسلم لیگ نےوزیراعلیٰ مریم نواز کوپارٹی مخالف الزامات پر قانونی نوٹس بھجوادیا، جس میں 7 روز کے اندر اپنے الزامات پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پارٹی کے خلاف مبینہ ہتک آمیز اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
یہ قانونی نوٹس مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی ہدایت پر ایڈووکیٹ محمد عامر حبیب کے ذریعے جاری کیا گیا ہے۔
نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز 7 روز کے اندر اپنے الزامات پر معافی مانگیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) سے اس حوالے سے کی گئی پوسٹ ڈیلیٹ کریں۔
نوٹس میں کہا گیا کہ مریم نواز تحریری یقین دہانی کرائیں کہ وہ آئندہ اس نوعیت کے ہتک آمیز بیانات نہیں دہرائیں گی، بصورت دیگر 7 روز کی مہلت گزرنے کے بعد مرکزی مسلم لیگ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر مرکزی مسلم لیگ کو غیر قانونی اور دہشت گرد تنظیموں سے منسلک جماعت قرار دیا۔
پارٹی نے واضح کیا کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، جس نے 2024 کے عام انتخابات میں انتخابی نشان ‘کرسی’ پر حصہ لیا۔
قانونی نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ 8 نومبر کو ہونے والے حلقہ این اے 77 (گوجرانوالہ) کے ضمنی انتخاب میں دوسری بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے۔
خیال رہے وزیراعلیٰ مریم نواز نے این اے 77 کے ضمنی انتخاب کے تناظر میں اپنے بیانات میں حریف جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ اس انتخاب میں تحریک انصاف اور دیگر تنظیموں کا گٹھ جوڑ سامنے آیا ہے، اور انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے۔
THE PUBLIC POST