کراچی میں عمارت گرنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ سیکریٹری بلدیات اور ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت متعدد افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت بلوچ کالونی کے قریب عمارت گرنے کے واقعے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ سے مشاورت کے بعد اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے واقعے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی واقعہ برداشت نہیں کیا جائے گا جس سے انسانی جانوں کا نقصان ہو یا شہریوں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑے۔
اجلاس میں سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا گیا، جبکہ انہیں ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت سے وسیم شمشاد کی معطلی اور ان کے خلاف انکوائری کی سفارش بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا، جبکہ وزیر داخلہ کی مشاورت سے مبینہ غفلت پر ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
اس کے علاوہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 16 متعلقہ افسران کو معطل کرنے اور انکوائری میں ملوث پائے جانے والے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا، جبکہ عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ چیف سیکریٹری کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا۔
THE PUBLIC POST