اسلام آباد (پبلک پوسٹ) محکمہ موسمیات نے 26 سے 30 اپریل کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 اپریل سے ہوا کا دبا ؤ بالائی فضا میں داخل ہوگا جو 27 اپریل سے ملک کے بیشتر علاقوں کو متاثر کرے گا۔اس دوران جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، وسطی و بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 30 اپریل سے بارش کا سبب بننے والی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں کشمیر، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں 30 اپریل سے یکم مئی کے دوران بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔یکم مئی کے بعد ہیٹ ویو کی شدت میں کمی متوقع ہے۔
دریں اثنا پنجاب سمیت ملک بھر میں سورج نے آگ برسانا شروع کردی، پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے بھر میں سورج سوا نیزے پر آ گیا، شدید گرمی سے شہری بے حال ہونے لگے، لاہور سمیت تمام اضلاع میں موسم خشک ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت مزید بڑھتی جا رہی ہے۔شدید گرم موسم کی وجہ سے گھروں اور دفاتر میں ایئر کولر اور ایئر کنڈیشنز کا استعمال بڑھنے لگا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔
علاوہ ازیں موسمیاتی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دو تین دن تک پنجاب میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جب کہ موسم خشک رہے گا اور گرمی کی شدت میں بھی بتدریج اضافہ ہوگا۔دوسری جانب شہر قائد پر تیز دھوپ کا راج ہے جبکہ گرمی کی شدت سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی بھی کردی ۔کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم شہر میں اس وقت مطلع صاف مگر تیز دھوپ کا راج ہے جبکہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر میں گرمی کی شدت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے جبکہ شہر میں ہوائیں 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔