وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ اضلاع کا دورہ

پشاور(پبلک پوسٹ)وزیراعظم اور فیلڈ مارشل آرمی چیف نے خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ اضلاع کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزراء اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی کا دورہ کیا۔

وزیراعظم اور آرمی چیف کو خیبرپختونخوا میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔ متاثرین سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وفاقی حکومت اور پاکستان آرمی کی طرف سے مکمل امداد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے سیلاب زدگان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مسلح افواج اور سول انتظامیہ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بحالی کے لیے تمام قومی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے پانی کی گزرگاہوں میں غیر قانونی تجاوزات، ٹمبر مافیا اور غیر قانونی مائننگ و کرشنگ سرگرمیوں کو جانی و مالی نقصان کا بڑا سبب قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کو ایک سخت ریاست کے طور پر کام کرنا ہوگا جہاں کوئی قانون سے بالاتر نہ ہو۔

آرمی چیف نے بھی ریسکیو مشن میں مصروف فوج، پولیس اور سول انتظامیہ کے عملے سے ملاقات کی اور ان کی بے لوث خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرین کی مدد کو اولین ترجیح دی جائے اور کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

دورے کے آغاز پر وزیراعظم اور شرکاء نے سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی جب کہ وزیراعظم کی آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔

Check Also

سوات:‌ سیدو شریف اسپتال میں 6افغان ڈاکٹروں کو کام سے روک دیا گیا

سوات: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں واقع سیدو شریف اسپتال میں چھ افغان …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *