کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کا سنگین واقعہ پیش آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک شخص کو پستول سے ہوائی فائرنگ کرتے دیکھا گیا، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر تین اہلکار ملزمان کی گرفتاری کے لیے موقع پر پہنچے اور فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول قبضے میں لے لیا۔ تاہم اسی دوران تقریب میں موجود 50 سے زائد افراد نے اہلکاروں کو گھیر لیا، ان پر تشدد کیا اور برآمد کیا گیا پستول بھی واپس چھین لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں پر حملے کی قیادت رانا ناصر نامی شخص نے کی جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ بعد ازاں پولیس نے بھینس کالونی میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے اہلکاروں پر تشدد میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ میں ملوث دولہا اور اس کا والد سمیت دیگر ملزمان تاحال مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ اور پولیس پر حملے میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
THE PUBLIC POST