کراچی کے علاقے ڈیفنس میں عید کے تیسرے روز ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر باپ کو کمسن بیٹے کے سامنے قتل کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ کلفٹن بلاک ون میں تھانہ شیریں جناح کی حدود میں مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم محمد قاسم ہلاک ہوگیا، جب کہ ساتھی فرار ہوگیا، ہلاک ملزم ڈیفنس میں عید کے تیسرے روز پیش آنے والی ہولناک واردات کا مرکزی کردار تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے کلفٹن بلاک ون، تھانہ شیریں جناح کی حدود میں مشکوک موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر مشتبہ افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، جس کے بعد پولیس کی جانب سے مؤثر جوابی کارروائی کی گئی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم محمد قاسم ہلاک جب کہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا، جائے وقوع سے ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی، ہلاک ملزم ڈیفنس میں عید کے تیسرے روز پیش آنے والی ہولناک واردات کا مرکزی کردار تھا۔
ہلاک ملزم قاسم نے عیدالفطر کے تیسرے روز ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک شہری کو کمسن بیٹے کے سامنے گولی مار کر قتل کردیا تھا، ہلاک ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ پہلے سے موجود ہے اور وہ متعدد سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ ہلاک ملزم قاسم کے 2 ساتھیوں آصف اور حبیب کو پولیس نے رواں ماہ کے شروع میں ہی گرفتار کیا تھا۔