پاکستان شوبز کی اداکارہ اسما عباس نے کینسر کیخلاف جنگ کی جدوجہد کا انکشاف کردیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں اسما عباس نے کینسر کے تکلیف دہ تجربے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ وقت ان کیلئے بےحد مشکل تھا تاہم بیٹی زارا نور عباس نے ان کی ہمت بنائے رکھی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کا وزن اچانک تیزی سے کم ہونے لگا جس پر شروعات میں وہ خوش تھیں کہ وزن خود ہی کم ہورہا ہے مگر دیگر غیر معمولی تبدیلیوں سے انہیں معلوم ہوا کہ انہیں کینسر ہے۔
اسما عباس کا کہنا تھا کہ انہیں بروقت کینسر کی تشخیص ہوگئی تھی اور انہوں نے فوری اس کا علاج کروانا شروع کردیا جبکہ 2 پراجیکٹس کو بھی چھوڑنا پڑا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا علاج پاکستان میں کروانے کو ہی ترجیح دی۔ انہیں لوگوں نے امریکہ جاکر علاج کروانے کا مشورہ دیا جبکہ ان کے بھائی نے بھی انہیں بلایا مگر انہیں اپنے والد کی بات یاد رہی کہ موت کا فرشتہ اگر آنا ہو تو کہیں بھی آسکتا ہے۔
اسما عباس نے بتایا کہ وہ کینسر کو شکست دینے میں کامیاب رہیں جس پر خدا کی شکر گزار ہیں تاہم اب بھی وہ ذیابطیس جیسی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں مگر پھر بھی صحت مند ہیں اور پنجابی شو میں رقص کرتی دکھائی دیتی ہیں۔