پاکستان کے استحکام کے لیے اب فیصلے کرنا ہوں گے: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کے استحکام کے لیے اب فیصلے کرنا ہوں گے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایوب خان، ضیاء الحق اور پرویز مشرف کے ادوار میں لوکل باڈی کے انتخابات کرائے گئے، تاہم ہم لوگ لوکل گورنمنٹ کے انتخابات نہیں کراتے اور اگر الیکشن شیڈول بھی آ جائے تو مختلف بہانے کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور نظام کی بقا کے لیے لوکل گورنمنٹ کو مضبوط کرنا ہوگا۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ چین کے موجودہ صدر بھی ایک سیاسی عمل کے ذریعے ابھر کر سامنے آئے، جبکہ لیڈرشپ اسی طرح پیدا ہوتی ہے اور ایسے ہی عمل سے آگے بڑھتی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ کراچی میں آگ لگنے کا واقعہ ہمارے نظام کی تباہی کی نشانی ہے، ملک میں عوام کو مضبوط کرنے کے لیے لوکل گورنمنٹ کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے، ملک میں ایک جیسا نظامِ تعلیم اور مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم ہونا چاہیے۔

انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ ایک ایسا مضبوط لوکل گورنمنٹ نظام قائم ہو تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا نظامِ تعلیم ہونا چاہیے کہ وفاق سمیت صوبوں کو بھی نئی نسل پہچانے، یکساں نظامِ تعلیم ایک قوم بناتا ہے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہو سکا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اب ایسا نظام بننا چاہیے کہ صوبے سے تحصیل اور وارڈ کی سطح تک اختیارات منتقل ہوں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو آخر میں وزارت دفاع کی فائر بریگیڈ ہی آگ بجھانے کے لیے آئے گی۔

Check Also

2015 اور 2016 کے آپریشن میں کے ایم سی اور واٹر بورڈ کے بعض ملازمین پر دہشتگردی کے الزامات سامنے آئےسینئر وزیر شرجیل انعام میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کی تباہی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *