2023 میں ریلیز ہونے والے مقبول انگریزی گانے ’ٹو مچ‘ سے شہرت حاصل کرنے والے برطانوی گلوکار و ریپر سینٹرل سی (Central Cee)نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
گلوکار، جن کا اصل نام اوکلی نیل سیزر سو ہے، نے ایک لائیو اسٹریمنگ سیشن کے دوران اپنا مذہب تبدیل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اب مسلمان ہو چکے ہیں۔
لائیو اسٹریم کے دوران سینٹرل سی نے اپنے مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کلمہ شہادت پڑھ لیا ہے اور اپنے نام میں بھی تبدیلی کر لی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب وہ اپنا پہلا نام اوکلی سے تبدیل کر کے “عقیل” رکھ چکے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کلمہ شہادت ادا کیا جسے سن کر ان کے ساتھ موجود دوستوں نے انہیں مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
27 سالہ برطانوی ریپر نے اپنے روحانی سفر کے حوالے سے زیادہ تفصیلات تو فراہم نہیں کیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے ایک ذاتی اور اہم فیصلہ ہے۔ ان کے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے اور کئی افراد انہیں مبارکباد دے رہے ہیں۔

اس اعلان سے قبل سینٹرل سی نے کبھی کھل کر اپنے مذہبی عقائد کے بارے میں بات نہیں کی تھی، تاہم مداحوں نے ماضی میں ان کی بعض سوشل میڈیا پوسٹس میں عربی زبان کے کیپشنز دیکھ کر قیاس آرائیاں ضرور کی تھیں کہ وہ اسلام کے قریب ہو رہے ہیں۔ اب لائیو اسٹریمنگ کے دوران ان کی جانب سے براہ راست اعلان نے ان خبروں کی تصدیق کر دی ہے۔
4 جون 1998 کو لندن میں پیدا ہونے والے سینٹرل سی نے 2014 میں اپنے میوزک کیریئر کا آغاز کیا اور مختصر عرصے میں برطانوی ڈرل اور ریپ میوزک کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کر لیا۔ ان کی منفرد موسیقی، عام زندگی سے جڑے لیریکس اور الگ انداز نے انہیں دنیا بھر میں لاکھوں مداحوں کی توجہ کا مرکز بنا دیا۔

سال 2024 میں انہیں دنیا بھر میں سب سے زیادہ سنے جانے والے برطانوی ریپرز میں شمار کیا گیا اور ان کے گانوں کو مختلف میوزک پلیٹ فارمز پر اربوں بار سنا گیا۔ اسلام قبول کرنے کے ان کے اعلان کو مداح ان کی زندگی کے ایک نئے اور اہم مرحلے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
THE PUBLIC POST