موبائل سے دوری کے باوجود آنکھیں تھکی تھکی کیوں؟ ماہرینِ کا حیران کن انکشاف

عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ موبائل یا لیپ ٹاپ کا زیادہ استعمال ہی آنکھوں میں جلن اور خشکی کی واحد وجہ ہے، لیکن طبی ماہرین نے ایک حیران کن انکشاف کیا ہے۔

حالیہ تحقیق کے مطابق، بہت سے ایسے افراد بھی آنکھوں کی سرخی اور چبھن کی شکایت کر رہے ہیں جن کا اسکرین ٹائم بہت کم ہے۔

ہماری آنکھ کے اوپر آنسوؤں کی ایک باریک تہہ ہوتی ہے جو اسے صاف اور محفوظ رکھتی ہے۔ جب یہ تہہ صحیح کام نہ کرے تو آنکھوں میں ریت کی طرح چبھن، خارش اور درد محسوس ہونے لگتا ہے۔

ماہرین کے مطابق، جدید طرز زندگی اس توازن کو خاموشی سے بگاڑ رہا ہے۔

خشکی کی 5 بڑی وجوہات (جو اسکرین سے جڑی نہیں ہیں)

ایئر کنڈیشننگ اور آلودگی

اے سی، ہیٹر، خشک ہوا یا مصنوعی ہوا کے نظام کمرے کی نمی کو ختم کر دیتے ہیں، جس سے آنکھوں کے آنسو تیزی سے خشک ہو جاتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ شہروں کی آلودگی اور دھول مٹی بھی آنکھوں کی حفاظتی تہہ کو متاثر کرتی ہے اور آنکھوں میں خارش اور سرخی کی شکایت ہوجاتی ہے۔

پلکیں جھپکانے میں کمی

ہم صرف اسکرین دیکھتے ہوئے ہی نہیں، بلکہ کتاب پڑھتے، سلائی کڑھائی کرتے یا طویل ڈرائیونگ کے دوران بھی توجہ کی وجہ سے پلکیں کم جھپکاتے ہیں، جس سے آنکھیں خشک ہوجاتی ہیں۔ پلکیں جھپکنا آنکھوں پر نمی کی تہہ جمانے کا قدرتی طریقہ ہے۔

الرجی

پولن (پھولوں کے ذرات)، پالتو جانوروں کے بال یا گھر کی مٹی سے ہونے والی الرجی اکثر آنکھوں کی تھکان کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے، جسے لوگ عام تھکن سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں۔

پانی کی کمی اور نیند کا فقدان

جسم میں پانی کی کمی براہ راست آنسوؤں کی مقدار کو کم کر دیتی ہے۔ اسی طرح نیند پوری نہ ہونے سے ان غدود پر اثر پڑتا ہے جو آنکھوں کو تر رکھنے کے لیے تیل پیدا کرتے ہیں۔

غذائی کمی

وٹامن اے، ڈی اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی کمی بھی آنکھوں کی صحت کو متاثر کرتی ہے۔

دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ایشیئن اسپتال کی سینئر کنسلٹنٹ ڈاکٹر اپاسنا کھنہ کا کہنا ہے کہ ’صرف اسکرین ہی مجرم نہیں ہے۔ خشک موسم، دھول، کم پلکیں جھپکانا اور نظر کی کمزوری بھی آنکھوں میں جلن کی بڑی وجوہات ہیں۔ اگر آپ کی نظر کا چشمہ درست نہیں ہے تو آنکھوں کے پٹھے زیادہ کام کرتے ہیں جس سے تھکن اور خشکی بڑھ جاتی ہے۔‘

بچاؤ کے آسان طریقے

آنسوؤں کی پیداوار برقرار رکھنے کے لیے خوب پانی پیئیں۔

مطالعہ یا ڈرائیونگ کے دوران تھوڑی دیر کے لیے آنکھیں بند کریں یا بار بار جھپکائیں۔

اے سی والے کمروں میں ہوا کی نمی برقرار رکھنے کی کوشش کریں۔

اگر جلن برقرار رہے تو ماہرِ چشم سے مشورہ کریں تاکہ نظر کی کمزوری یا کسی دائمی بیماری کا پتہ لگایا جا سکے۔

Check Also

ایشیا ریجنل کوالیفائنگ ایونٹ کیلیے پاکستان کے بوائز و گرلز اسکواڈز کا اعلان

پاکستان ٹینس فیڈریشن نے ایشیاء انڈر12 ٹیم مقابلوں کے ساتھ ایشیاء ریجنل کوالیفائنگ ایونٹ کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *